صنعتوں سے کھیلوں تک: لیپ 2026 میں جدید روبوٹس توجہ کا مرکز
ریاض میں لیپ 2026 کے دوران مختلف ڈیزائن، صلاحیتوں اور استعمال کے حامل روبوٹس نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں جو اس ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی اور اس کے بڑھتے ہوئے دائرۂ کار کی عکاسی کرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جدید مصنوعی ذہانت، سینسرز اور جدید نظام سے لیس یہ روبوٹس خودکار طریقے سے دوڑنے، توازن برقرار رکھنے اور اردگرد کے ماحول کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ روبوٹس مشکل اور غیر ہموار علاقوں میں کام کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں اور خطرناک یا دشوار مقامات پر پیچیدہ کام انجام دینے کے لیے ان میں خصوصی آلات بھی نصب کیے جا سکتے ہیں۔
یہ پیش رفت روبوٹس کے استعمال کو مزید وسیع کر رہی ہے۔ اب روبوٹس صرف صنعتی ماحول تک محدود نہیں رہے بلکہ مختلف جگہوں پر بھی استعمال ہو رہے ہیں، جہاں انہیں لوگوں، مقامات اور اشیا کے ساتھ کام کرنا ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ روبوٹس کو کھیلوں، خدمات اور مختلف فیلڈ آپریشنز میں بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

ان مظاہروں کے ذریعے لیپ 2026 میں آنے والوں کو مختلف روبوٹس اور جدید ٹیکنالوجی دیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ آنے والے لوگ روبوٹس کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ دیکھنے کے ساتھ ساتھ ماہر کمپنیوں کی تیار کردہ جدید ایپلی کیشنز کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں۔