حملوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں: سعودی وزارت توانائی
جنوبی علاقے میں توانائی کے شعبے کی تنصیبات اور مراکز کو نشانہ بنایا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت توانائی کے ایک سرکاری ذریعے نے کہا ہے کہ مملکت کے جنوبی علاقے میں توانائی کے شعبے کی متعدد تنصیبات اور مراکز کو منگل کی صبح نشانہ بنایا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ متعلقہ حکام نے متاثر ہونے والی تنصیبات کی بحالی اور صورت حال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
حملوں کے نتیجے میں کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی اور بعض تنصیبات میں کچھ آپریشنز کو عارضی طور پر روکنا پڑا۔ خصوصی فیلڈ ٹیموں نے آگ پر قابو پانے، مقامات کو محفوظ بنانے اور نقصان کا جائزہ لینے کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا حملوں کے نتیجے میں کئی شہریوں اور رہائشیوں کو مختلف نوعیت کے زخم آئے ہیں، انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔
وزارت کے ذریعے نے تصدیق کی کہ متعلقہ حکام حملوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، مراکز اور افراد کی حفاظت کے ساتھ منظور شدہ آپریشنل پلان کے مطابق آپریشنز کا تسلسل یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بیان میں کہا تھا کہ حوثی حملوں کے نتیجے میں سعودی عرب کے مختلف شہروں میں خواتین اور بچوں سمیت 70 سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ مملکت حوثیوں کے خلاف ضروری عملی اقدامات کرے گی۔
