Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی مہمانوں نے کسوہ فیکٹری اور حرا کلچرل ڈسٹرکٹ کا دورہ کیا

ضیوف خادم الحرمین الشریفین پروگرام کے تحت آنے والے عمرہ زائرین کے تیسرے گروپ نے بدھ کو مکہ مکرمہ میں کنگ عبدالعزیز کمپلیکس (کسوہ فیکٹری) کا دورہ کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ دورہ وزارت اسلامی امور کے ثقافتی اور تعلیمی پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد مہمانوں کے تجربات کو یادگار بنانا ہے۔
شاہی مہمانوں نے کمپلیکس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، غلاف کعبہ کی تیاری کی تاریخ، فیکٹری کے قیام اور ترقی کے مراحل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے غلاف کعبہ کی تیاری کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا جن میں خالص ریشم کے دھاگوں کی تیاری اور رنگائی، بنائی، کڑھائی، سلائی اور آخر میں کسوہ کی مکمل تیاری شامل ہے۔
کمپلیکس کے تیکنیکی اور پروڈکشن شعبوں کے دورے میں مہمانوں کو کسوہ کی تیاری میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کے بارے میں بتایا گیا۔ 
بعد ازاں مہمانوں نے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں وحی ایگزبیشن کا دورہ کیا جہاں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے انبیا کی کہانیوں اور سیرت نبوی کے اہم واقعات کو اجاگر کیا گیا۔

یاد رہے کہ 23 افریقی ملکوں کے 250 افراد پر مشتمل تیسرا گروپ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں ہے۔
 خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے اس سال ذاتی خرچ پر مختلف ملکوں سے ایک ہزار افراد کو عمرہ کرانے کی منظوری دی ہے۔

 

شیئر: