Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کی زیر سرپرستی ’خلیجی کپ‘ کا آغاز 23 ستمبر سے ہوگا

ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی، 15 میچ کھیلے جائیں گے(فوٹو، ایکس اکاؤنٹ)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی زیرسرپرستی عرب گلف کپ فٹبال چیمپئن شپ کا 27 واں ایڈیشن ’خلیجی 27 ‘ کا آغاز 23 ستمبر 2026 کو جدہ میں ہو گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق جدہ شہر میں شروع ہونے والا یہ ٹورنامنٹ 6 اکتوبر تک جاری رہے گا، جس میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی، 15 میچ کھیلے جائیں گے۔
چیمپئن شپ کے مقابلے شاہ عبداللہ سپورٹس سٹی اور شہزادہ عبداللہ الفیصل سپورٹس سٹی کے فٹبال سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ اس حوالے سے ٹورنامنٹ کمیٹی کا کہنا ہے کہ تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
دریں اثنا وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے ٹورنامنٹ کی سرپرستی کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ میزبانی سعودی عرب کی کھیلوں اور علاقائی تعلقات کے فروغ کے عزم کی عکاس ہے۔
خلیجی کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جدہ اس ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز بھی سعودی عرب کے قومی دن (23 ستمبر) کے حوالے سے کیا گیا ہے۔
میچز میں گروپ اے میں سعودی عرب، عراق ، عمان اور کویت جبکہ گروپ بی میں قطر ، متحدہ عرب امارات، بحرین اور یمن شامل ہیں۔

شیئر: