’قدیم عرب ورثے کا تحفظ‘، قصیم میں اونٹوں کی نیلامی کا فیسٹیول
نائب گورنر قصیم نے اونٹوں کی نیلامی کے فیسٹیول میں شرکت کی۔( فوٹو: ایس پی اے)
گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل کی نیابت کرتے ہوئے نائب گورنر شہزادہ فہد بن سعد بن فیصل نے اونٹوں کی نیلامی کے فیسٹیول میں شرکت کی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق تقریب میں متعدد سرکاری عہدیداروں، اونٹوں کے مالکان اور اس شعبے سے وابستہ افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔
قصیم ریجن کے نائب گورنر نے نیلامی کے انتظامات اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اونٹوں کی نیلامی کو قدیم عرب ورثے کے تحفظ اور اس شعبے سے وابستہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
نائب گورنر نے اونٹوں کے مالکان اور اس شعبے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو دی جانے والی سرکاری سرپرستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان تقریبات کو مزید ترقی دینا اور ان کی اہمیت میں اضافہ معاشی و سماجی اعتبار سے اہم ہے۔
ضریہ کے کمشنر نادر آل نادر نے گورنر قصیم اور نائب گورنر کی جانب سے نیلامی میں خصوصی دلچسپی اور مسلسل نگرانی پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برسوں کے دوران اس نیلامی نے نمایاں ترقی کی اور اونٹوں کے مالکان اور شائقین کی دلچسپی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔
کمشنر نادر آل نادر نے نیلامی کی کامیابی سرکاری اداروں، انتظامیہ اور معاونین کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیلامی کو مزید بہتر بنانے کا سلسلہ جاری کھا جائے گا۔
