Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زندگی کا ایک الگ ورق: خان آل خلیل کے نوادرات میں قدیم جدہ کی جھلک

الطیبات سٹی لوگوں کو ماضی کی سیر کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ کے الطیبات سٹی میں واقع ’خان آل خلیل‘ میں ایسی نایاب اشیا موجود ہیں جو انسان کے اپنے ماحول کے ساتھ تعلق، اپنی ضرورت کی اشیا خود بنانے اور روزمرہ کی زندگی میں خوبصورتی کے رنگ بھرنے کی کہانی سناتی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہاں موجود مٹی کے برتن، چاندی کے قدیم زیورات اور ہاتھ سے بنے ہوئے قالین عہد رفتہ کی طرزِ حیات کو نمایاں کرتے ہیں۔
طیبات انٹرنیشنل سٹی فار سائنس اینڈ نالج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین انجینیئر خالد عبدالرؤف خلیل نے بتایا کہ خان آل خلیل میں ورثے اور فنون لطیفہ کی متنوع اشیا موجود ہیں۔
ان میں اہل بادیہ کے ملبوسات، تسبیحیں، انگوٹھیاں، ہاتھ سے بنے قالین، چاندی کے دستکاری کے نمونے، تلواریں، بندوقیں، ڈاک ٹکٹ، تمغے، قلمی نسخے اور قدیم تصاویر شامل ہیں۔
ان کے مطابق یہ نوادرات یہاں آنے والوں کو ماضی کی سماجی و ثقافتی زندگی کے مختلف گوشوں سے آگاہ ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ مٹی کے برتن بنانے سے لے کر قالین بُننے اور چاندی کے زیورات تیار کرنے تک ہر فن پارہ کاریگروں کی مہارت، فنی ذوق اور اپنے ماحول سے ان کے تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔

نمائش میں موجود اشیا الطیبات سٹی کے منفرد طرزِ تعمیر کے ساتھ مل کر ایک مکمل تاریخی منظر پیش کرتی ہیں۔ اس شہر (علامتی) کے ڈیزائن میں جدہ کے قدیم مکانات اور علاقے کی تنگ گلیوں کے طرز کو نمایاں کیا گیا ہے۔ اس طرح تاریخی عمارتوں اور ماضی کی روزمرہ زندگی کے آثار مل کر آنے والوں کو ماضی کی سیر کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
یہاں موجود نوادرات گویا انسانی زندگی کی داستان کا ایک الگ ورق ہے۔ قالین کی تیاری، چاندی پر کندہ نقش اور کسی پرانی تصویر میں محفوظ چہرے، ان اشیا کو بنانے اور استعمال کرنے والے انسانوں کی کہانی سناتے ہیں۔

یہ چیزیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ وقت گزرنے کے باوجود ان کے بنانے والوں کی محنت اور ہنر آج بھی اس مقام کی یادوں میں زندہ ہیں۔ الطیبات سٹی لوگوں کو ماضی کی سیر کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

 

شیئر: