بحیرۂ احمر کی ڈولفنز: سمندری تنوع کے باعث پائیدار سیاحت کی کشش میں اضافہ
سپنر ڈولفن بحیرۂ احمر میں پائی جاتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ڈولفنز بحیرۂ احمر کی نمایاں سمندری انواع میں شمار ہوتی ہیں جو اپنے قدرتی مسکن میں سیاحوں کے لیے اس خطے کی کشش میں اضافہ کرتی ہیں۔ ان کی موجودگی پائیدار سیاحت کے فروغ اور سمندری حیات کے تحفظ کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سپنر ڈولفن بحیرۂ احمر میں پائی جاتی ہے اور اپنی اٹکھیلیوں کی وجہ سے جانی جاتی ہے۔ ڈولفنز آپس میں رابطے، راستے کی تلاش اور شکار کا پتہ لگانے کے لیے آواز پر انحصار کرتی ہیں۔
اس لیے ان کے قدرتی مسکن کی حفاظت کے لیے سمندر میں شور کو کم کرنا اور ان کے بہت زیادہ قریب جانے یا پیچھا کرنے سے گریز کرنا انتہائی ضروری ہے۔
سعودی ریڈ سی اتھارٹی (ایس آر ایس اے) ذمہ دارانہ سمندری سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کی کوششوں کے حصے کے طور پر، سمندری ماحول کی حفاظت اور ان سرگرمیوں کی پائیداری کو یقینی بنانے کے مقصد سے بنائے گئے معیار اور ہدایات کے مطابق سمندری و ساحلی سیاحتی سرگرمیوں کو منظم کرتی ہے۔
اتھارٹی کے ڈیپر دین اٹ سیمز مہم بحیرۂ احمر میں ذمہ دارانہ اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے تاکہ اس کی مالا مال سمندری حیات کو محفوظ رکھنے، سیاحوں کے تجربے کو بہتر بنانے اور آنے والی نسلوں کے لیے اس مقصد کے قدرتی اثاثوں کی حفاظت کرنے میں مدد مل سکے۔
