Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایک ماں کا دُکھ‘، ڈولفن کئی دن تک مُردہ بچے کو ساتھ اٹھائے پھرتی رہی

محققین کا کہنا ہے کہ ’فریگل اس سے پہلے بھی اپنے آخری چار بچوں سے محروم ہو چکی ہے۔‘ (فوٹو: ویڈیو گریب)
مغربی آسٹریلیا میں ایک مادہ بوٹل نوز ڈولفن کی اپنے مُردہ بچے کو کئی دن تک پانی میں ساتھ اٹھائے رکھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی آسٹریلیا کے لیسچینالٹ ایسچوری میں محققین نے مادہ ڈولفن ’فریگل‘ کو اپنے قریباً دو ہفتے کے مردہ بچے کو کئی دن تک پانی میں اپنی ناک اور جسم کی مدد سے سنبھالے ہوئے دیکھا۔ 
محققین کا کہنا ہے کہ ’فریگل اس سے پہلے بھی اپنے آخری چار بچوں سے محروم ہو چکی ہے۔‘
سمندری تحقیقاتی ادارے جیوگراف میرین ریسرچ کے مطابق بچے کی پیدائش سردیوں میں ہوئی تھی اور ابتدائی دنوں میں اس کی سانس غیر معمولی طور پر تیز چل رہی تھی، جس سے اس کے زندہ رہنے کے امکانات کم تھے۔
بچے کی موت کے بعد بھی فریگل نے اسے چھ دن تک اپنے ساتھ اٹھائے رکھا، جبکہ اس دوران دوسرے ڈولفن بھی اس کے قریب رہتے اور اس کے ساتھ تیرتے دکھائی دیے۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ڈولفن میں ایسا رویہ دیکھا گیا ہو۔ 
سائنسی مشاہدات کے مطابق مادہ ڈولفن اپنے مردہ بچے کو گھنٹوں یا کئی دن تک اپنے ساتھ رکھ سکتی ہے۔ 
ماہرین کے مطابق یہ رویہ ممکنہ طور پر غم، مادری محبت یا ماں اور بچے کے مضبوط تعلق کا اظہار ہو سکتا ہے، تاہم اس کی حتمی سائنسی وجہ اب بھی واضح نہیں۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ہزاروں صارفین نے فریگل کے رویے کو ماں کی محبت اور غم کی علامت قرار دیا۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by CNN (@cnn)

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر صارف  پیٹ نے اس وائرل ویڈیو کے منظر کو ’ دل دہلا دینے والا اور دل کو چھو لینے والا‘ قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’فریگل نے اپنا چوتھا بچہ کھو دیا۔ دوسرے ڈولفن بھی اس کے پاس آ گئے۔ یہ لمحہ یاد دلاتا ہے کہ محبت، غم اور خاندانی رشتے صرف انسانوں تک محدود نہیں۔‘
ایک صارف نے ویڈیو کے کپشن میں لکھا ہے ’یہ دیکھ کر دل ٹوٹ گیا، ماں کا دکھ صرف انسان ہی نہیں سمجھتے۔‘
ایک اور صارف کا کہنا تھا، ’یہ ویڈیو یاد دلاتی ہے کہ جانور بھی گہرے جذبات رکھتے ہیں اور اپنے پیاروں کے غم کو محسوس کرتے ہیں۔‘
ایک صارف نے تبصرہ کیا، ’اگر ڈولفن اپنے بچے کے لیے اتنا درد محسوس کر سکتی ہے تو ہمیں جانوروں کے جذبات کو بھی سمجھنا چاہیے۔‘
اس طرح ایک اور صارف نے ویڈیو کے کپشن میں لکھا ہے کہ ’یہ منظر انتہائی افسوسناک مگر خوبصورت بھی ہے۔ جانوروں کی دنیا بھی محبت، جذبات اور ذہانت سے بھرپور ہے۔‘
وائرل ویڈیو پر دیگر صارفین نے بھی تبصروں میں کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ جانور بھی انسانوں کی طرح اپنے بچوں سے گہرا تعلق رکھتے ہیں، ان کی جدائی پر غم محسوس کرتے ہیں اور اپنے جذبات کا اظہار مختلف انداز میں کرتے ہیں۔
 

شیئر: