Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 بم کی دھمکیوں کے بعد یورپ میں متعدد مسافر طیاروں کا رخ موڑ دیا گیا

ایئر لنگس کی پرواز روم جا رہی تھی کہ بم کی دھمکی موصول ہونے کے بعد اس کا رخ موڑ دیا گیا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
یورپ میں جمعرات کو بم کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد متعدد مسافر طیاروں کا رخ تبدیل کر دیا گیا، جن میں سے بعض کو ہنگامی طور پر متبادل ہوائی اڈوں پر اتارنا پڑا۔
عرب نیوز کے مطابق پہلی اطلاع دوپہر کے اوائل میں آئرلینڈ کے شہر ڈبلن سے اٹلی کے دارالحکومت روم جانے والی ایئر لنگس کی پرواز کے حوالے سے موصول ہوئی۔
فرانس کے وزیراعظم کے دفتر کے مطابق آئرلینڈ سے اٹلی جانے والی اس پرواز کا رخ تبدیل کرکے مغربی فرانس میں واقع ایک فوجی ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا گیا۔
وزیراعظم سباستین لیکورنو کے دفتر نے بتایا کہ طیارہ نورمانڈی کے علاقے میں واقع شہر ایورو کے فوجی ہوائی اڈے پر بحفاظت اتر گیا۔ طیارے میں سوار تمام 151 مسافر اور عملے کے چھ ارکان محفوظ ہیں جبکہ بم ناکارہ بنانے والے فوجی ماہرین طیارے کی جانچ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ صورت حال کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے۔ فوری طور پر اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
پروازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی ویب سائٹس کے مطابق ڈبلن سے روم جانے والی ایئر لنگس کی پرواز پیرس کے قریب پہنچ چکی تھی کہ اچانک اس نے اپنے مقررہ راستے سے رخ موڑ لیا۔ طیارے نے ایورو کی جانب روانہ ہونے سے پہلے فضا میں کئی چکر بھی لگائے۔
ادھر پولینڈ کے دارالحکومت وارسا سے آنے والی ایک اور پرواز بھی مشکوک اطلاع موصول ہونے کے بعد برسلز ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گئی۔ بیلجیم کے اخبار ’لے سوار‘ کے مطابق ایئرپورٹ انتظامیہ نے تصدیق کی کہ اس واقعے کے بعد اضافی سکیورٹی اقدامات کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
ایئرپورٹ کی ترجمان احسان شیووا لیکلی نے کہا کہ انہیں برسلز ایئرپورٹ آنے والی ایک پرواز کے حوالے سے مشکوک اطلاع موصول ہوئی تھی۔ یہ پرواز پولینڈ کی فضائی کمپنی ’ایل او ٹی پولش ایئرلائنز‘ کی تھی اور وارسا سے روانہ ہوئی تھی۔
اسی طرح جمعرات کو ہی فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی سے روم جانے والے فن ایئر کے ایک طیارے کو بھی بم کی دھمکی کے بعد فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی نگرانی میں روم کے فیومیچینو ایئرپورٹ تک بحفاظت پہنچایا گیا۔
اس کے علاوہ میلان سے روم جانے والی ایک اور پرواز کو بھی بم کی دھمکی موصول ہونے کی اطلاع ہے۔
حکام کے مطابق جمعرات کو پیش آنے والے یہ واقعات رواں ہفتے یورپ میں متعدد پروازوں کو موصول ہونے والی جعلی بم دھمکیوں کے سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہیں۔ ان دھمکیوں کے نتیجے میں طیاروں کی تلاشی لی گئی، ان کے راستے تبدیل کیے گئے اور ایک واقعے میں اطالوی فضائیہ کے طیاروں نے مسافر طیارے کو منزل تک پہنچنے تک فضائی تحفظ فراہم کیا۔
جعلی بم دھمکیوں سے متاثر ہونے والی پروازوں میں پولینڈ کی ایل او ٹی، اسکینڈینیوین ایئرلائنز، وِز ایئر اور ریان ایئر کی پروازیں بھی شامل تھیں۔
یہ جعلی دھمکیاں ایسے ہی ایک واقعے کے ایک روز بعد سامنے آئی ہیں، جب بلغاریہ جانے والے ایک طیارے کو دوران پرواز بم کی دھمکی موصول ہونے پر اپنا رخ تبدیل کرکے ہنگری میں اترنا پڑا تھا۔ اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تھا۔
اگرچہ اس نوعیت کی دھمکیاں کوئی نیا واقعہ نہیں، تاہم یہ ایسے وقت سامنے آئی ہیں جب دنیا میں جغرافیائی و سیاسی کشیدگی بڑھ رہی ہے اور یورپ میں مختلف نوعیت کی تخریبی سرگرمیوں کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
ان سرگرمیوں میں سپرمارکیٹوں کے ریفریجریشن نظام پر حملے، یورپی فضائی حدود میں ڈرونز کی غیر مجاز پروازیں اور ہنگامی صورت حال سے خبردار کرنے والی موبائل ایپس پر پراسرار الرٹس شامل ہیں۔
حکام پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ یورپ کو ہائبرڈ خطرات کا سامنا ہے، جن میں روایتی حملوں کے بجائے سائبر سرگرمیوں، تخریب کاری اور دیگر غیر روایتی طریقوں سے عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں بھی شامل ہیں۔

شیئر: