Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثی ڈرون کو مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے تباہ کر دیا: سعودی عرب

ترجمان نے کہا یہ اقدام سرخ لکیر عبور کرنے کے مترادف ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کشیدگی میں اضافے کے ایک بڑے واقعے کے دوران سعودی فضائی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک ڈرون کو مار گرایا۔
اس ڈرون کو منگل کو سعودی وقت کے مطابق شام چھ بجکر 50 منٹ پر مکہ کے جنوب میں انٹرسیپٹ کرکے تباہ کیا گیا۔ مکہ مکرمہ وہ مقدس شہر ہے جہاں ہر سال لاکھوں مسلمان آتے ہیں۔
اتحادی فورسز کے ترجمان ترکی المالکی نے بدھ کی صبح  ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام سرخ لکیر(ریڈ لائن) عبور کرنے کے مترادف ہے۔
مکہ اسلام کا مقدس ترین مقام ہے اور ایران کی حمایت یافتہ اس گروپ کے اس اقدام سسے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہونے کا امکان ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے یہ کوشش دہشت گرد حوثی ملیشیا کی خلاف ورزیوں کے ریکارڈ میں ایک سیاہ دھبہ رہے گی۔ اسے لاکھوں مسلمانوں کے جذبات بھڑکانے کی ایک دانستہ کارروائی سمجھا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس گروپ کی جانب سے مقدس شہر کے اطراف داغے گئے میزائل کو مار گرائے کا یہ پہلا موقع نہیں ہے۔
اتحادی فورسز کے مطابق 2017 میں بھی سعودی فضائی دفاعی نظام نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ کی سمت داغے جانے والے ایک بیلسٹک میزائل کو راستے میں ہی روک کر ناکارہ بنا دیا تھا۔
یہ میزائل طائف کے علاقے الوصیلہ کے اوپر مار گرایا گیا تھا۔ اس واقعے میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
یاد رہے حوثی ملیشیا نے پیر کو خمیس مشیط، ابہا اور طائف کے شہری علاقوں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا جس سے 13 شہری زخمی ہوئے۔

شیئر: