Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کی حوثیوں کے حملوں کی مذمت

سعودی کابینہ نے حوثی ملیشیا کی جانب سے مملکت میں شہریوں اور شہری اہداف پر مسلسل اور دانستہ حملوں کی مذمت کی اور سعودی عرب کی خودمختاری، شہریوں، رہائشیوں اور اہم مفادات کے دفاع کے حق کا اعادہ کیا۔
 سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جدہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں کابینہ نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی، اس کی سرزمین کا تحفظ اور اس کے وسائل کی حفاظت ایسے اصول ہیں جن پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔
کابینہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مملکت کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے دفاع اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کا جائز حق حاصل ہے۔
 اجلاس کے دوران ولی عہد نے وزرا کو پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کے ساتھ اپنی ملاقات سے آگاہ کیا۔ ان بات چیت میں خطے کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
 کابینہ نے خطے اور دنیا بھر میں ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا اور سلامتی و امن کے فروغ کے لیے مکالمے کے ذریعے سعودی عرب کی کوششوں، عالمی برادری کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے اور مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات کی حمایت کو اجاگر کیا۔

شیئر: