Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میٹا کے نئے ’میٹا ون‘ سبسکرپشن پلان میں صارفین کے لیے کیا سہولیات ہیں؟

صارفین تینوں ایپس کی الگ الگ سبسکرپشنز بھی لے سکتے ہیں (فائل فوٹو: گیٹی)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’میٹا‘ نے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ صارفین، کریئیٹرز اور کاروباری اداروں کے لیے سبسکرپشن کی نئی سروس ’میٹا ون‘ متعارف کرا دی ہے۔
’میٹا‘ کے مطابق نئی سروس کے تحت مختلف صارفین کی ضروریات کے لیے الگ الگ سبسکرپشن پلانز پیش کیے گئے ہیں، جن کی ماہانہ قیمت 2.99 ڈالر سے شروع ہو کر 499 ڈالر تک ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے بنیادی فیچرز اور ’میٹا اے آئی‘ تک بنیادی رسائی مفت رہے گی تاہم بامعاوضہ پلانز کے ذریعے صارفین کو اضافی فیچرز، اے آئی ٹولز اور زیادہ استعمال کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
انفرادی صارفین کے لیے ’میٹا ون‘ کے دو بنڈل پلانز متعارف کرائے گئے ہیں۔ ’کور‘ پلان کی ماہانہ فیس سات ڈالرز 99 سینٹس جبکہ ’پریمیم‘ پلان کی قیمت 19 روپے 99 سینٹس ڈالر رکھی گئی ہے۔
دونوں پلانز میں فیس بک پلس، انسٹاگرام پلس اور واٹس ایپ پلس کی سہولیات شامل ہوں گی جبکہ صارفین کو اے آئی سے تصاویر اور ویڈیوز بنانے سمیت انسٹاگرام کے ’ری سٹائل‘ جیسے اضافی ٹولز تک زیادہ رسائی حاصل ہوگی۔
صارفین تینوں ایپس کی الگ الگ سبسکرپشن بھی لے سکتے ہیں۔ فیس بک پلس اور انسٹاگرام پلس کی ماہانہ فیس 3.99 ڈالر جبکہ واٹس ایپ پلس کی قیمت 2.99 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
کریئیٹرز اور کاروباری اداروں کے لیے ’میٹا‘ نے چار مختلف پلانز متعارف کرائے ہیں۔ ’ایسنشل‘ پلان کی ماہانہ فیس 14.99 ڈالر ہے، جس میں اکاؤنٹ ویری فکیشن، جعل سازی یا کسی اور کی جانب سے شناخت استعمال کرنے سے تحفظ اور واٹس ایپ پر میٹا بزنس ایجنٹ تک رسائی شامل ہے۔
میٹا بزنس ایجنٹ کاروباری اداروں کو صارفین کے سوالات کا دن رات جواب دینے میں مدد فراہم کرے گا۔
49.99 ڈالر ماہانہ والے ’ایڈوانسڈ‘ پلان میں اکاؤنٹ مینجمنٹ کے مزید ٹولز شامل ہیں۔ اس کے ذریعے انسٹاگرام سٹوریز کو 30 دن پہلے شیڈول کیا جا سکے گا، عام پوسٹس اور ریلز میں کلک کیے جانے والے لنکس شامل کیے جا سکیں گے اور تفصیلی اینالیٹکس اور ناظرین سے متعلق اضافی معلومات تک رسائی حاصل ہوگی۔
اس پلان میں کاروباری ادارے پاس ورڈ شیئر کیے بغیر ٹیم ممبران کو اکاؤنٹ تک رسائی بھی دے سکیں گے، جبکہ اضافی لنکڈ ڈیوائسز اور واٹس ایپ بزنس براڈکاسٹ کریڈٹس بھی دستیاب ہوں گے۔

بڑے کاروباری اداروں کے لیے ’ایکسپرٹ‘ پلان 149 ڈالر جبکہ ’میکس‘ پلان 499 ڈالر ماہانہ میں دستیاب ہوگا۔ دونوں پلانز میں میٹا کے بزنس ٹولز اور اے آئی ایجنٹس تک زیادہ رسائی فراہم کی جائے گی۔
میکس پلان میں کسٹمر سپورٹ کی اضافی سہولت بھی شامل ہے، جس کے تحت صارفین ’حقیقی شخص‘ سے مدد لینے کی درخواست کرنے کے ساتھ کمپنی کے نمائندے سے فون کال کی درخواست بھی کر سکیں گے۔
میٹا کے مطابق عالمی سطح پر لانچ سے قبل مختلف مراحل میں ان سبسکرپشن پلانز کی آزمائش کی گئی، جس کے دوران 15 ملین سے زیادہ سبسکرپشنز اور ٹرائلز حاصل ہوئے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ’میٹا ون‘ کے ذریعے 50 سے زیادہ فیچرز تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے، جن میں مواد کی تیاری، ناظرین سے رابطے اور کاروباری انتظام سے متعلق ٹولز شامل ہیں۔
میٹا کے مطابق مستقبل میں ایڈٹس ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ اور اے آئی سے چلنے والے سمارٹ گلاسز کے لیے بھی سبسکرپشن فیچرز متعارف کرائے جائیں گے۔

شیئر: