ایئرعربیہ کنسورشیم کا دمام ایئرپورٹ سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان
دمام سے پہلی پرواز اتوار 20 ستمبر سے ریاض کے لیے روانہ ہوگی ( فوٹو: ایس پی اے)
ایئرعربیہ کنسورشیم نے دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن سے ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ (اے او سی) کے حصول کے بعد کنسورشیم نے بتایا الشرقیہ ریجن سے پہلی پرواز اتوار 20 ستمبر سے ریاض کے لیے روانہ ہوگی۔
کنسورشیم پہلے مرحلے میں تین مقامات ریاض، جدہ اور مدینہ کے لیے خدمات فراہم کرے گا۔ دمام سے ریاض اور جدہ کے لیے یومیہ دو پروازیں جبکہ مدینے کے لیے روزانہ ایک پرواز چلائی جائے گی۔
دمام ایئرپورٹس اتھارٹی کے سی ای او انجینیئر محمد بن علی الحسنی نے کہا کہ دمام کے کنگ فہد ایئرہورٹ سے ایئرعربیہ کی پروازیں متعدد مقاماات کے لیے دستیاب ہوں گی۔
یہ اقدام دمام ایئرپورٹ کی بڑھتی ہوئی پوزیشن اور اس کی آپریشنل صلاحیتوں پر شراکت داروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ایئرعربیہ کے آپریشنز کا آغاز الشرقیہ ریجن کے ایئر ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں ایک اہم اضافہ ہے۔
دمام ایئرپورٹ ترقی اور مضبوط فضائی رابطوں کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے۔ یہ کوششیں قومی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سٹریٹیجی کے تحت سول ایوی ایشن پروگرام کے مقاصد کو سپورٹ کرنے کے ساتھ سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں معاون ہیں۔
