پرنس ترکی ھذلول پارک: نجران کا سرسبز تفریحی نخلستان
پارک میں ایک لاکھ آٹھ ہزار مربع میٹر علاقہ گھاس سے ڈھکا ہوا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
نجران میں دو لاکھ 50 ہزار مربع میٹر پر محیط پرنس ترکی بن ھذلول پارک علاقے کے نمایاں تفریحی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔ اس میں وسیع سبز علاقے، واک ویز سیاحوں اور یہاں آنے والوں کے لیے مختلف تفریحی سہولتیں موجود ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق پارک میں وسیع سبزہ زار اور پیدل چلنے کے لیے مخصوص راستوں کے علاوہ رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے مختلف تفریحی سہولیات بھی موجود ہیں۔
پارک میں ایک لاکھ آٹھ ہزار مربع میٹر گھاس سے ڈھکے ہوئے علاقے اور دو ہزار 400 درخت اور جھاڑیاں موجود ہیں جو فطرت سے لطف اندوز ہونے کے لیے سر سبز ماحول فراہم کرتی ہیں۔
سائیڈ واک اور پیڈسٹرین پاتھ ویز 58 ہزار 929 مربع میٹر پر محیط ہیں۔ 357 آرائشی لائٹنگ پولز ہیں جو شام کے دوران روشن ہو کر عمومی منظر کو بہتر بنانے میں معاون ہیں۔
اس پارک میں فیملیز کے بیٹھنے کے لیے 11 شیلٹرز، چلڈرن انٹرٹینمنٹ ایریا جہاں سپورٹس انفراسٹرکچر کے علاوہ مختلف سہولتیں اور پارکنگ سپیس شامل ہیں۔

نجران میونسپلٹی کے ترجمان نے کہا کہ جاری دیکھ بھال اور ترقیاتی اقدامات کا مقصد عوامی سہولیات کو بہتر بنانا، شہری منظرنامے کو خوبصورت بنانا اور رہائشیوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
