نجران کے دیہی فارمز قدرتی ماحول اور ثقافتی ورثے کے مراکز
فارمز خاندانوں کے لیے جامع تفریحی مراکز بن چکے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
نجران کے دیہی فارمز پرکشش سیاحتی اور سرمایہ کاری کے مراکز میں تبدیل ہو چکے ہیں جو قدرتی ماحول میں سکون کے متلاشی سیاحوں اور مقامی رہائشیوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔ یہ فارمز زرعی سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ خطے کے ورثے اور ماحولیاتی شناخت کے تحفظ کا ایک منفرد نمونہ بھی پیش کرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق نجران میں فارم مالکان نے اپنے فارمز کے قدرتی اور ثقافتی اثاثوں میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے انہیں کھلے دیہی ریزوٹس میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بلند و بالا کھجور کے درختوں اور سرسبز و شاداب باغات کے درمیان سیاحوں کے لیے بیٹھنے کے پُرسکون مقامات بھی بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے فارمز میں مٹی کی روایتی طرزِ تعمیر کو شامل کیا ہے اور بیٹھنے کی جگہوں و راستوں کو قدیم نجرانی ورثے کی اشیا، جیسے کہ مٹی کے برتن، کھجور کے پتوں سے بنی چٹائیاں اور نجرانی قہوہ دانوں سے سجایا ہے۔
ان فارمز کی سیاحتی کشش صرف قدرت اور ورثے تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ بچوں اور خاندانوں کے لیے جامع تفریحی مراکز بھی بن چکے ہیں جہاں پالتو جانوروں، نایاب اور گھریلو پرندوں کے لیے مخصوص جگہ فراہم کی گئی ہے جس سے سیاحوں کو انہیں کھانا کھلانے اور براہ راست وقت گزارنے کا موقع ملتا ہے۔

ماحولیاتی تحفظ کے تناظر میں، ان فارمز کے منتظمین جدید آبپاشی کے نظام کے ذریعے پانی کا مناسب استعمال کرنے، نامیاتی کھادوں پر انحصار کرنے، مقامی نباتات کو محفوظ رکھنے اور زرعی فضلہ کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کے پائیدار ماحولیاتی معیارات کو نافذ کرنے کے پابند ہیں۔
