بدر الجنوب: نجران میں قدرتی حسن اور خوشگوار آب و ہوا سے مزین موسمِ گرما کی پُرکشش منزل
قدرتی حسن کے متلاشی افراد بدرالجنوب کا کرتے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
نجران ریجن کی کمشنری بدر الجنوب موسمِ گرما کی تعطیلات میں ایک پُرکشش سیاحتی مقام میں تبدیل ہو گیا۔ معتدل موسم اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاح بڑی تعداد میں بدر الجنوب کا رخ کر رہے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق منفرد اور دلکش پہاڑی ماحول، خوبصورت محلِ وقوع اور خوشگوار آب و ہوا نہ صرف مقامی افراد بلکہ مملکت کے مختلف علاقوں سے آنے والے سیاحوں کو بھی اپنی جانب راغب کرتی ہے۔
کمشنری کے قدرتی پارک اس کے اہم پُر کشش مقامات میں شامل ہیں جہاں سیاح قدرتی ماحول اور تفریحی سہولتوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
یہاں سیاحتی مقامات میں شہزادہ مشعل بن سعود پارک سرفہرست ہے، کمشنری کے شمالی داخلی راستے پر عسیر روڈ کے کنارے واقع العشہ محلے میں قائم یہ پارک ایک لاکھ چار ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے جو تفریحی اور سماجی سرگرمیوں کا مرکز مانا جاتا ہے۔
پارک میں حالیہ برسوں کے دوران بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں جن میں جدید واکنگ ٹریکس، شیڈز، مختلف مقامات پر نصب آرائشی روشنیاں اضافے کا باعث ہیں۔

وسیع و عریض رقبے پر پھیلا سبزہ زار جہاں دو ہزار سے زائد درخت اور قدرتی پودے ماحول کو مزید خوشگوار بناتے ہیں۔
موعاۃ پارک حداد مرکز میں واقع ایک پُرسکون مقام ہے جو قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔ یہ پارک 53 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔
پارک وادی موعاۃ کے کنارے موجود قدیم اور گھنے بیری، سمر اور اراک کے درختوں کے باعث ایک منفرد شناخت رکھتا ہے۔

بدر الجنوب میونسپلٹی نے موعاۃ پارک کی ترقی کے دوران اس کی قدرتی شناخت کو برقرار رکھنے پر خاص توجہ دی ہے۔ اطراف کے پہاڑوں سے حاصل کردہ قدرتی پتھروں کو درختوں کے گرد کیاریوں اور راستوں کی تعمیر کے لیے استعمال کیا گیا۔
میونسپلٹی کی جانب سے شہر میں معیارزندگی کو بہتر بنانے اور عوامی مقامات کو مزید خوشگوار بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
حال ہی میں یہاں چھ ہزار سے زائد درخت اور قدرتی پودے لگائے گئے ہیں جبکہ صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے تین جدید واکنگ ٹریکس بھی تعمیر کیے گئے۔
