یوم الوطنی: اثرا میں سعودی ورثے، موسیقی اور فلموں کا پانچ روزہ میلہ
اثرا میں قومی دن کی تقریبات کا آغاز 22 ستمبر سے ہو گا ( فوٹو: ایس پی اے)
کنگ عبدالعزیز ورلڈ کلچرل سینٹر ’اثرا‘ مملکت کے قومی دن کے موقع پر پانچ روزہ ثقافتی پروگرام کا انعقاد کرے گا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 36 سے زیادہ ایونٹس میں ثقافتی، تفریحی پروگرام اور مختلف موضوعات پر ورکشاپس شامل ہیں جن میں مملکت کی تاریخ، شناخت اور اس کی ثقافتی وسعت کو اجاگر کیا جائے گا۔
قومی دن کی تقریبات کا آغاز 22 ستمبر سے ہو گا جو 26 ستمبر تک جاری رہیں گی۔ پانچ روزہ پروگرام میں سعودی عرب کی تاریخ کے ساتھ روایات اور مستقبل کے منصوبوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
پروگرام کا آغاز شاندار ’فوجی پریڈ‘ سے ہوگا۔ ایونٹس مختلف مقامات اور تجرباتی سرگرمیوں میں تقسیم ہوں گے جس میں خاندان کے مختلف افراد کی دلچسپی کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
’بلندی کی جانب سفر‘ اور ’ہماری نسلوں کی دیوار‘ کے عنوان سے بھی ورکشاپس منعقد ہوں گی۔ ’سعودی فن خطاطی‘ کے عنوان سے سیشنز میں مہمانوں کو سعودی خطاطی کے جمالیاتی حسن کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔

بچوں کے لیے بھی مختلف دلچسپ سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں ’ٹیلوں کے فن پارے‘، ’روشنی اور فن‘ اور ننھے بچوں کی دنیا‘ شامل ہیں۔
اثرا متعدد سعودی فلمیں بھی پیش کرے گا،جن میں دستاویزی، تاریخی، افسانوی اور بچوں کی فلمیں شامل ہیں۔ ’مرجوج‘ اور ’ارتزاز‘ جیسی نئی تجرباتی فلمیں بھی پیش کی جائیں گی۔

اثرا کے باغ میں مقامی ورثے سے متاثر موسیقی کی محفل سجائی جائے گی جن میں مختلف علاقوں کے لوک فنون شامل ہوں گے۔ ان میں طائف کا مجرور، جنوبی خطوہ اور رایح بیچہ کے علاوہ دیگر محفلیں شامل ہیں۔
اثرا میوزیم میں وزیٹرز کے لیے ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں 1960 سے 1980 تک کے قومی فنی منظر نامے کے ارتقا کو دکھایا گیا ہے۔
