سٹریٹیجک شراکت داری مزید گہری: امریکہ کی یوم وطنی پر سعودی عرب کو مبارکباد
دفاعی تعاون کئی شعبوں میں تاریخی معاہدوں کو حتمی شکل دی گئی ( فائل فوٹو: روئٹرز)
امریکہ نے 96 ویں یوم وطنی (نیشنل ڈے) کے موقع پر سعودی عرب کو مبارکباد دی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو ایک بیان میں کہا’ امریکہ کی جانب سے شاہ عبدالعزیز کی قیادت میں مملکت کے اتحاد کی یاد منانے کے 96 ویں قومی دن کے موقع پر سعودی عرب، اس کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘
انہوں نے کہا ’گزشتہ سال کے دوران امریکہ اور سعودی عرب نے سٹریٹیجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا ’صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکہ میں سعودی سرمایہ کاری، سول جوہری تعاون اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون کو بڑھانے کے لیے تاریخی معاہدوں کو حتمی شکل دی ہے۔‘
امریکی وزیر خارجہ نے کہا ’یہ معاہدے علاقائی سکیورٹی اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔‘
مارکو روبیو نے کہا ’آج ہم سعودی عرب کے ورثے اور شناخت کا جشن منا رہے ہیں اور ہم دونوں اقوام کے لیے امن اور خوشحالی پر مبنی مستقبل کے منتظر ہیں۔‘
