Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوم الوطنی کی تیاریاں: سعودی عرب کے شہر سبز پرچموں اور روشنیوں سے سج گئے

ثقافتی و سماجی ایونٹس کے لیے انتظامات حتمی مراحل میں ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مختلف ریجنز اور شہروں میں مملکت کے 96ویں یوم الوطنی کو جوش و خروش سے منانے کی تیاریاں عروج پر ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مملکت کے تمام شہروں کو سبز جھنڈوں اور سبز روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ ثقافتی و سماجی ایونٹس کے لیے انتظامات حتمی مراحل میں ہیں۔
رواں برس سعودی عرب کے قومی دن کی تقریبات کے لیے ’غزنا بطبعنا‘ کا سلوگن دیا گیا ہے جس کے تحت عوامی مقامات اور عمارتوں کو سجایا گیا ہے۔
مکہ میونسپلٹی اور دیگر سرکاری اداروں کے اشتراک سے چوراہوں کی سجاوٹ کا کام تیزی سے جاری ہے۔
شہرِ مقدس کے داخلی راستوں پر نصب آرائشی ماڈلز کو سبز روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر نصب سکرینوں پر سال رواں کا سلوگن ’غزنا بطبعنا‘ نمایاں ہے۔

ساحلی شہر جدہ کے مختلف اہم چوراہوں پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں جبکہ بیشتر گاڑیوں پر بھی قومی پرچم لگائے گئے ہیں۔ بچے قومی پرچم کے رنگ کی مناسبت سے سبز لباس میں ملبوس دکھائی دیتے ہیں۔
بلد کے تاریخی علاقے کی شاہراہوں پر بھی پرچم لہرا رہے ہیں جبکہ اہم سرکاری اور نجی عمارتوں کو سبز روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض کے مختلف علاقوں میں یوم الوطنی کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ چوراہوں اور شاہراہوں پر نصب پولز پر سعودی عرب کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔

شہر کے اہم چواہوں اور بڑے پلوں کے علاوہ شہر کے داخلی راستوں کو بھی سبز لائٹوں اور قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔
الباحہ میونسپلٹی کی جانب سے پارکوں، چوراہوں اورعوامی مقامات پر یوم الوطنی کے حوالے سے تقریبات کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
شہروں میں مختلف مقامات پر تحائف اور قومی پرچم بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

الباحہ شہر کے رغدان پارک، الباحہ مال، الباحہ بولیواڈ اور الحاویہ سمیت متعدد مقامات پر ہونے والی تقاریب میں غبارے چھوڑنے کی بھی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
مختلف پروگرام مرتب کیے جارہے ہیں جن میں عوامی تھیٹر، لوک رقص، محفل مشاعرہ، بچوں کے لیے انعامی مقابلے اور روایتی خیمے وغیرہ شامل ہیں۔

 حدود الشمالیہ ریجن میں میونسپلٹی نے سڑکوں اورچوراہوں کو سجانے کے لیے چار ہزار سے زیادہ قومی پرچم، 525 اشتہاری بورڈز، آرائشی لائٹس اور 145 جمالیاتی ماڈلز نصب کیے ہیں۔
ریجن میں قومی دن کی تقریبات کا آغاز 23 سمتبر سے ہوگا جو تین دن تک جاری رہیں گی۔ 

 

شیئر: