Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الاحسا میں کھجوروں کی کٹائی کا سیزن ’آمدنی کا اہم ذریعہ‘

الاحسا کے نخلستان میں کاشتکار ہر سال ان دنوں کھجوروں کی کٹائی کے سیزن کا جشن مناتے ہیں۔ کھجور کی کاشت یہاں کی اہم ترین فصلوں میں شامل ہے جو کئی دہائیوں سے مقامی لوگوں کی زندگی کا لازمی حصہ رہی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق کھجور کا سیزن جہاں کاشتکاروں کے لیے آمدنی کا اہم ذریعہ ہوتا ہے وہیں یومیہ کام کرنے والوں کے لیے بھی وقتی روزگار کا موقع فراہم کرتا ہے۔
کھجور کی کٹائی کا مرحلہ ایک مکمل زرعی سلسلے کا حصہ ہے جس کا آغاز کھجور کے درختوں کی سال بھر دیکھ بھال، آبپاشی، کھاد دینے اور کیڑوں سے تحفظ سے شروع ہوتا ہے پھر فصل کی کٹائی کے لیے موزوں وقت کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
 درختوں سے اتارنے کے بعد کھجوروں کو ان کے معیار، سائز اور رنگ کے لحاظ سے الگ کیا جاتا ہے جس کے بعد پیکنگ اور مارکیٹنگ کے مراحل آتے ہیں۔

الاحسا کا یہ زرعی سیزن علاقے کی تاریخ، اس کی اقتصادی و سماجی شناخت سے بھی گہرا تعلق رکھتا ہے۔ کھجور کا درخت الاحسا کے زرعی ماحول کا ایک بنیادی جزو ہے جبکہ کھجوریں ایسی غذائی اور اقتصادی پیداوار ہیں جس نے زرعی منظر نامے میں اس خطے کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا۔
موسمِ گرما میں تیار ہونے والی  کھجور کی نمایاں اقسام میں خلاص، شیشی اور وصیلی سمیت دیگر شامل ہیں۔
علاقے کے ایک کاشتکار احمد علی الحمید نے بتایا کہ کھجور کے درختوں کی مسلسل نگہداشت، کاشت اور پیداوار کے مختلف مراحل سے نمٹنے کے لیے نسل در نسل منتقل ہونے والے تجربے سے استفادہ کیا جاتا ہے جس سے فصل کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

شاہ فیصل یونیورسٹی کے شعبہ غذا کے پروفیسر ڈاکٹر خالد القحطانی کا کہنا ہے کہ ’کھجوروں کی کٹائی کا موسم کھجور کی پیداوار کے غذائی، اقتصادی اور سماجی پہلوؤں کے باہمی تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کھجور کی کاشت کو پائیدار بنانے کے لیے زرعی طریقوں، آبپاشی اور فصل کی کٹائی کے طریقے کار کو مسلسل بہتر بنانا ضروری ہے۔‘

کھجور اور کھجور کے درخت ایک ایسا شعبہ ہے جہاں سائنسی تحقیق اور زرعی تجربات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ پائیدار پیداوار کا انحصار پانی اور مٹی کے موثر انتظام، کاشتکاری اور آبپاشی کی جدید تیکنیک کی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ کاشتکاروں کے برسوں کے تجربے کے امتزاج  پر ہے۔

 

شیئر: