تبوک ریجن میں 11 لاکھ درخت، کھجور کی پیداوار 50 ہزار 720 ٹن سے زیادہ
جمعرات 17 ستمبر 2026 0:01
’ڈیٹ اینڈ پام‘ کا شعبہ خطے کے امید افزا زرعی شعبوں میں شامل ہے (فوٹو: ایس پی اے)
تبوک ریجن کھجور کی پیداوار کے شعبے میں اپنی پوزیشن کو مضبوط بنا رہا ہے ۔ یہاں 11 لاکھ 71 ہزار سے زائد کھجور کے درخت ہیں جبکہ نخلستانوں کی تعداد 4 ہزار سے زائد ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریجن میں کھجور کی سالانہ پیداوار 56 ہزار 720 ٹن سے تجاوز کر چکی ہے جس سے زرعی شعبے میں کھجور کی کاشت کی اہمیت کو اجاگر ہوتی ہے۔
کھجور کی صنعت، مقامی زرعی مصنوعات کے حوالے سے اہم اور امید افزا شعبہ ہے۔ اس سے پیداوار کے معیار کو بہتر بنانے، مارکیٹنگ اور سرمایہ کاری کے بہتر مواقع میسر آتے ہیں۔
تبوک کی منڈی میں کھجور کی مختلف اقسام دستیاب ہیں جن میں سکری، روثانہ، برحی، برنی العیص، سلج اور حلوۃ تبوک نمایاں ہیں۔
ریجنل وزارت ماحولیات، پانی وزراعت کی شاخ کے ڈائریکٹر جنرل انجینئرامجد بن عبداللہ نے بتایا ’ڈیٹ اینڈ پام‘ کا شعبہ خطے کے امید افزا زرعی شعبوں میں شامل ہے۔

ان کے مطابق تبوک میں کھجور کے درختوں کی تعداد اور پیداوار کا حجم اس شعبے کی مزید ترقی اور اقصادی قدربڑھانے کے لیے اہم بنیاد فراہم کرتا ہے۔
وزارت کی ریجنل شاخ متعلقہ اداروں کے تعاون سے کسانوں اور پیدا کنندگان کی معاونت، زرعی مصنوعات کے معیار میں بہتری، ان کی مسابقتی صلاحیت اور مارکیٹنگ کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہی ہے جس سے مقامی مصنوعات میں اضافہ اور اس شعبے کی پائیدار ترقی میں مدد ملے گی۔

تبوک ریجن میں کھجور کی کاشت اور پیداوار اہم زرعی سرگرمیوں سے شمار کی جاتی ہے جس سے مقامی زرعی مصنوعات میں سرمایہ کاری کے لیے مزید امکانات بھی نمایاں ہوتے ہیں۔
