Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حائل میں کھجورکی پیداوار، زرعی و معاشی سرگرمیوں کا فروغ

ریجن میں 12 لاکھ سے زیادہ کھجور کے درخت موجود ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
حائل ریجن میں کھجور کی کاشت زرعی شعبے میں خاص اہمیت رکھتی ہے۔ خطے کی آب و ہوا اور ماحولیاتی حالات کھجور کی کاشت کے لیے انتہائی موزوں ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ریجن میں 12 لاکھ سے زیادہ کھجور کے درخت موجود ہیں جبکہ سالانہ پیداوار 52 ہزار 465 ٹن سے زیادہ ہے۔
علاقے میں دیگر زرعی پیداوار کا حجم بھی 12 ہزار 294 ٹن سے زائد ہے۔ یہاں کھجور کی نمایاں اقسام میں الحلوہ، القسبہ، المسکانیہ، السکری، الخلاص، البرحی، ام رکب، الصقعی اور الحمرا شامل ہیں۔
حائل میں کھجورکا سیزن عموماً اگست سے اکتوبر تک جاری رہتا ہے۔ اس دوران نخلستانوں میں فصل کی کٹائی اور چھانٹی کا عمل جاری رہتا ہے جبکہ مارکیٹ میں ترسیل بھی عروج پر ہوتی ہے۔
یہ سیزن زرعی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں میں بھی نمایاں تیزی لاتا ہے اور حائل کی زرعی و پیداواری صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے۔

سعودی کاشتکار سالم المھوس کا کہنا تھا کہ ریجن میں کھجور کی کاشت زرعی ورثہ مانا جاتا ہے جو برسوں کے تجربے اور عملی مشاہدے کے ذریعے ترقی کرتا آیا ہے۔
فارم میں کھجور کے درختوں کی دیکھ بھال اور ان کی نشوونما کے مختلف مراحل کی نگرانی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
حائل ریجن کے یہ کھیت اور نخلستان زرعی سرگرمیوں کے وسیع تنوع کی عکاسی کرتے ہیں۔

کھجور کے درختوں کی اہمیت صرف کھجور کی پیداوار تک ہی محدود نہیں بلکہ علاقے کے دیہی اور زرعی ورثے کا بھی حصہ ہیں۔
یہ مقامی معیشت کے لیے اہم ذریعہ بھی ہیں جو مقامی مصنوعات میں بھی اضافے کا باعث اور علاقے کے باشندوں کے اپنے ورثے سے گہرے تعلق کی عکاسی کرتے ہیں۔

 

شیئر: