Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں اے ایف سی ایشیئن کپ 2027 کی تیاریاں، آفیشل میچ بال متعارف

ٹورنامنٹ کا آغاز سات جنوری 2027 سے ہوگا جس 24 ٹیمیں شرکت کریں گی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں پہلے اے ایف سی ایشیئن کپ 2027 کے لیے تیاریاں عملی مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ مقابلے کا آغاز سات جنوری 2027 جبکہ اختتام پانچ فروری کو ہوگا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مملکت میں پہلی مرتبہ اے ایف سی ایشیئن کپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں 24 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ریاض، جدہ اور الخبر سمیت کئی شہروں میں میچز ہوں گے۔
آرگنائزنگ کمیٹی کا کہنا ہے کہ آٹھ سٹیڈیمز میں انتطامی امور پر بھی کام جاری ہیں۔
’50 سے زائد ادارے مشترکہ طورپر جامع پروگرام پر کام کر رہے ہیں جن کا مقصد شائقین کی آمد و رفت کے امور کو منظم کرنا اور بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔‘
ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن کے صدر شیخ سلمان ابراہیم آل خلیفہ نے اے ایف سی ایشیئن کپ کے سب سے بڑے ایڈیشن کی میزبانی کے لیے سعودی قیادت، سعودی فٹبال فیڈریشن اور مقامی آرگنائزنگ کمیٹی کی کوششوں کو سراہا۔ 

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جنوری تک تمام تیاریاں مکمل کر لی جائیں گی۔ مملکت براعظم کی سطح پر فٹبال ایونٹ کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
سعودی عرب کی مقامی آرگنائزنگ کمیٹی کے سی ای او نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے لیے الٹی گنتی کا آغاز ہوتے ہی تمام تیاریاں مکمل ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
آٹھ سٹیڈیم کی تیاری کا کام منصوبے کے مطابق جاری ہے جبکہ 50 سے زیادہ ادارے ایک ٹیم بن کر کام کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن نے اے ایف سی ایشیئن کپ کے لیے آفیشل میچ بال متعارف کرائی ہے جسے ’خزامی‘ کا نام دیا گیا ہے جو مملکت میں پائے جانے والے جنگلی پودے سے ماخوذ ہے۔ گیند کے بنفشی رنگ کو سعودی ثقافت میں استقبال اور مہمان نوازی سے جوڑا گیا ہے۔
فٹبال کے ڈیزائن میں سعودی عرب کے روایتی نجدی طرزِ تعمیر کے دروازوں سے متاثرہ جیومیٹریکل نقوش شامل کیے گئے ہیں جبکہ بنفشی، سبز اور ریتیلے رنگ کے پینلز موجود ہیں تاکہ کھلاڑیوں، ریفریوں اور شائقین کے لیے دن کی روشنی اور فلڈ لائٹس میں دیکھنا آسان ہو۔

 

شیئر: