Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حدودِ شمالیہ نقل مکانی کرنے والے پرندوں کے لیے اہم پڑاؤ

بٹیرعموما! 10 سے 20 پرندوں کے گروپ میں خوراک تلاش کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
بٹیر ایک ہجرت کرنے والا پرندہ ہے جو ستمبر اور اکتوبر میں سعودی عرب سے گزرتا ہے اور سردیوں کے دوران بھی یہاں موجود رہتا ہے۔ یہ پرندہ حدود شمالیہ کی طریف گورنریٹ میں اس راستے پر دیکھا گیا ہے جس سے یہ ہر سال گزرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حدود الشمالیہ ریجن کی طریف کمشنری اپنی جغرافیائی حیثیت اور سبزہ زاروں کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے پرندوں کے لیے اہم پڑاؤ ہے۔
انوائرمینٹل ایسوسی ایشن ’امان‘ کے صدر ناصر المجلاد نے بتایا کہ نقل مکانی کے دوران بٹیر ایسے علاقوں کا رخ کرتے ہیں جہاں جنگلی پودے وافر مقدار میں موجود ہوں۔ سبزہ زاروں میں بیج، نباتات اور چھوٹے رینگنے والے کیڑے اس پرندے کی خوراک ہوتے ہیں۔
یہ پرندے عام طور پر رات کے وقت اجتماعی طور پر نقل مکانی کرتے ہیں جبکہ دن کے وقت خوراک وغیرہ کی تلاش میں سرگرم رہتے ہیں۔ نر پرندے ایک خاص ترتیب سے آواز نکالتے ہیں جو ہر سیکنڈ بعد دہرائی جاتی ہے۔
بٹیرعموما 10 سے 20 پرندوں کے گروپ میں خوراک تلاش کرتا ہے۔ اپنی محتاط فطرت اور چھپنے کے باعث اسے دیکھنا آسان نہیں ہوتا۔ زمینی ماحول میں خود کو کیمو فلاج کرنے کی بہترین صلاحیت رکھتا ہے۔

بٹیر کی جسامت تقریبا 16 سے 18 سینٹی میٹر، وزن 70 سے 155 گرام جبکہ پروں کا پھیلاؤ 32 سے 35 سینٹی میٹر ہوتا ہے۔
نقل مکانی کرنے والیے پرندوں کی موجودگی خطے کی قدرتی اور ثقافتی کشش میں اضافہ کرتی ہے جو جنگلی حیات اور پرندوں کے شوقین افراد کو اپنی جانب راغب کرتی ہے۔

 

شیئر: