شوریٰ کونسل وژن 2030 سے رہنمائی حاصل کر رہی ہے: سپیکر ڈاکٹر عبداللہ آل شیخ
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خوش آمدید کہتے ہوئے استقبالیہ خطاب کیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی شوریٰ کونسل کے شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن محمد آل شیخ نے کونسل کے نویں سیشن کے تیسرے سال کے افتتاحی سالانہ اجلاس میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خوش آمدید کہتے ہوئے استقبالیہ خطاب کیا۔
ایس پی اے کے مطابق شیخ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا مجلس شوری کے قیام سے لے کر آج تک مملکت کی اعلی قیادت کی جانب سے کونسل کو مسلسل حمایت اور خصوصی توجہ حاصل رہی ہے۔
انہوں نے کہا شوری کونسل سعودی وژن 2030 سے کامیابی اور جدت کے تمام پہلوؤں سے رہنمائی حاصل کر رہی ہے، جس کے آغاز کو دس برس مکمل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کونسل نے نویں سیشن کے دوسرے برس کے دوران 46 اجلاس منعقد کیے اور 555 قراردادیں منظور کیں جن کا تعلق قوانین وضوابط، معاہدوں ، مفاہمتی یادداشتوں اور سرکاری اداروں کی سالانہ رپورٹس سے تھا۔
خارجہ کی سطح پر بھی، علاقائی اور عالمی میدانوں میں سعودی عرب کے سیاسی و اقتصادی اثر و رسوخ کو مدنظر رکھتے ہوئے کونسل نے مختلف پارلیمانی کمیٹیوں اور تنظیموں میں اپنی رکنیت اور برادر و دوست ممالک کی متعدد پارلیمنٹس کے ساتھ اپنے وسیع تعلقات کے ذریعے فعال کردار جاری رکھا۔
اس سے قبل ایک بیان میں شوریٰ کونسل کے سپیکر نے کونسل کی سپورٹ اور سرپرستی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا ’ سالانہ خطاب ایک قومی ریفرنس کی حیثیت رکھتا ہے جو مملکت کی پالیسیوں اور ترجیحات کا خاکہ پیش کرتا ہے۔ قانون سازی اور نگرانی کے امور میں کونسل کو رہنمائی فراہم کرتا ہے۔‘
