Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کپتان شبھمن گِل کی ویسٹ انڈیز کے خلاف دھواں دار بیٹنگ، ون ڈے کی تیز ترین ڈبل سنچری

شبھمن گِل 223 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ایک روزہ کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا انفرادی سکور بنانے میں کامیاب رہے (فوٹو: کرک انفو)
شبھمن گِل کے 223 رنز ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی کپتان کی جانب سے بنایا گیا سب سے بڑا انفرادی سکور ہے۔ یہ انڈیا  کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑے ہدف کا کامیاب تعاقب بھی تھا۔
انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گِل ویسٹ انڈیز کے خلاف گواہاٹی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں 223 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ایک روزہ کرکٹ میں اپنا سب سے بڑا انفرادی سکور بنانے میں کامیاب رہے اور انڈیا کو 8 وکٹوں سے فتح دلا دی۔
انہوں نے اس میچ میں کئی ریکارڈ اپنے نام کیے اور روہت شرما کے بعد ون ڈے کرکٹ میں ایک سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے 117 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی، جو ون ڈے کرکٹ میں اب تک کی تیز ترین ڈبل سنچری ہے۔
شبھمن گِل کے 223 رنز ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی کپتان کی جانب سے بنایا گیا سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔ یہ انڈیا  کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑے ہدف کا کامیاب تعاقب بھی تھا۔ اس فتح کے ساتھ ہی انڈیا نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی ہے، جبکہ ایک میچ ابھی باقی ہے۔
405 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں شبھمن گِل اور روہت شرما نے انڈیا کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ انڈین کپتان شبھمن گِل ابتدا میں قدرے سست کھیلے، لیکن بعد میں رفتار بڑھاتے ہوئے اپنی 11 ویں ون ڈے سنچری مکمل کی۔ روہت شرما نے بھی سنچری بنائی جو ون ڈے میں ان کی 35 ویں سنچری تھی۔ دونوں کی شاندار بیٹنگ کے باعث انڈیا نے ہدف کے تعاقب کو مسلسل اپنے قابو میں رکھا۔
روہت شرما 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو وراٹ کوہلی کریز پر آئے، لیکن بدھ کو ہدف کے تعاقب میں اپنی روایتی کارکردگی نہ دکھا سکے۔ ان کا ریمپ شاٹ فیلڈر کے ہاتھوں میں چلا گیا اور وہ صرف 29 رنز بنا سکے۔ اس کے بعد روتوراج گائیکواڑ نے شبھمن گِل کا ساتھ دیا جنہوں نے پُرسکون انداز میں انڈیا کو ہدف تک پہنچا دیا۔
اس سے قبل جان کیمبل، شائی ہوپ اور عامر جانگو کی سنچریوں کی بدولت ویسٹ انڈیز نے انڈیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 405 رنز کا بڑا مجموعہ کھڑا کیا۔
بارساپارا کرکٹ سٹیڈیم کی بیٹنگ کے لیے سازگار پچ سے ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور اپنی ٹیم کا ون ڈے کرکٹ میں اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ بنا ڈالا۔

انہوں نے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے اور روہت شرما کے بعد ون ڈے کرکٹ میں ایک سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے (فوٹو: کرک انفو)

جان کیمبل نے 68 گیندوں پر 101 رنز بنائے، جس میں پانچ چھکے اور نو چوکے شامل تھے۔ کپتان شائی ہوپ نے 94 گیندوں پر 104 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں آٹھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ بعد میں عامر جانگو نے 77 گیندوں پر 114 رنز بنا ڈالے، جن میں 13 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
انڈیا کی جانب سے کلدیپ یادیو سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 65 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

شیئر: