’اپنی توقعات سے بڑھ کر کام کریں‘: رزان العجمی کا جزیرۂ شوریٰ پر سکائی ڈائیونگ مظاہرہ
رزان العجمی نے ہزاروں فٹ کی بلندی سے طیارے سے چھلانگ لگائی (فوٹو: اخبار24)
سعودی خاتون اسکائی ڈائیور رزان العجمی نے اس مرتبہ یومِ قومی کے موقع پر تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے بحیرۂ احمر کے جزیرے شوریٰ پر سعودی پرچم لہراتے ہوئے سکائی ڈائیونگ کا منفرد مظاہرہ کیا جو کھیل اور مہم جوئی کا شاندار امتزاج ہے۔
انٹرکانٹینینٹل دی ریڈ ریزوٹ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں رزان العجمی کو جزیرۂ شوریٰ کے اوپر جمپ کرتے دکھایا گیا۔ انہوں نے ہزاروں فٹ کی بلندی سے طیارے سے چھلانگ لگائی۔
اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے رزان العجمی نے بتایا کہ انہیں سکائی ڈائیونگ جیسی کھیلوں میں حصہ لینے کا شوق ابتدا ہی سے تھا۔ ان کا سفر کوہ پیمائی سے شروع ہوا۔
انہوں نے اپنے ابتدائی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی مرتبہ پیراشوٹ جمپنگ کے بعد شوق میں اضافہ ہو گیا اور اس میں مزید مہارت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس حوالے سے ملنے والی حوصلہ افزائی نے سفر کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ریاض، العلا، مدینہ منورہ اور دیگر علاقوں میں جمپنگ کے مواقع ملے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بحیرۂ احمر اپنی منفرد قدرتی خوبصورتی اور رنگوں کے باعث اہم ہے۔ اس کے ایک جزیرے کے اوپر سعودی پرچم کے ساتھ جمپ کرنا ایک طرح عالمی سطح کا تجربہ تھا۔

رزان العجمی کے مطابق سعودی پرچم تھامے اس جمپ کی تیاری کے لیے ٹیم ورک اور طویل منصوبہ بندی کی جس میں ایک سے دو برس کا وقت لگا۔
انہوں نے اسے اپنی زندگی کے خوبصورت ترین تجربات میں شمار کیا اور کہا کہ سعودی عرب کے ہر خطے کی اپنی منفرد خوبصورتی ہے۔
رزان العجمی مملکت میں سکائی ڈائیونگ کو مزید فروغ دینے، ایک ایسی تنظیم قائم کرنے اور اسے ملک کے نمایاں سیاحتی مقامات تک وسعت دینے کی خواہاں ہیں۔

ان کا کہنا ہے ’زیادہ سے زیادہ سعودی خواتین کو اس میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں اپنے عزائم کی تکیمل کے لیے آگے بڑھنے کی ترغیب دینے کی خواہاں ہوں۔‘
انہوں نے اپنا پیغام مختصر الفاظ میں دیا اور کہا ’اپنی توقعات سے بڑھ کر کام کریں۔‘
