’ورث کیمپ‘ میں روایتی فنون کے لیے تربیتی پروگرام کا آغاز
کیمپ میں مختلف علاقوں سے 50 مرد وخواتین ماہرین خصوصی طور پر شریک ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹ ’وِرث‘ نے عسیر ریجن میں یکم سے 31 اکتوبر تک ’ورث کیمپ‘ کے عنوان سے روایتی فنون کے لیے تربیتی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق تربیتی پروگرام میں مملکت کے مختلف علاقوں سے 50 مرد و خواتین ماہرین خصوصی طور پر شریک ہیں۔
تربیتی کیمپ میں تین شعبے ہیں جن میں پتھر سے روایتی فنِ تعمیر، ہاتھ کی کڑھائی اور دھات سے آرٹ کے نمونے بنانا شامل ہے۔
اس کیمپ میں ماہرین شرکا کو دستکاری کے بنیادی قواعد وضوابط سے آگاہ کریں گے۔
بعد ازاں ٹیم ورک کے تحت علاقے کے فنِ تعمیر کے حوالے سے تین آرٹ نمونے تیار کیے جائیں گے۔ تربیتی کیمپ کے اختتام میں زیرِ تربیت ہنرمندوں کو اسناد دی جائیں گی۔

واضح رہے رائل انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈیشنل آرٹ ’ورث‘ نے سال 2021 میں اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔
ادارے کا مقصد روایتی فنون سیکھنے کے شائقین کے لیے قومی سطح پر حوصلہ افزائی کرنا اور دستکاری کے شعبے کو با اختیار بنانا ہے۔
