Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ثقافتی ورثہ: ریاض میں انٹرنیشنل فالکنز اینڈ ہنٹنگ ایگزیبشن 2026 کا آغاز

سعودی  وزیر داخلہ نے نمائش کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں انٹرنیشنل فالکنراینڈ ہنٹنگ ایگزیبشن 2026 کا آغاز ہو گیا ہے جو 10 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ نیلامی کی پہلی رات الحماد نامی فالکن ایک لاکھ ایک ہزار ریال میں نیلام کیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق ایونٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیر داخلہ اور نیشنل فالکنری سینٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بھی موجود تھے۔
وزیر داخلہ نے نمائش کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ مقامی و بین الاقوامی اداروں اور کمپنیوں کی جانب سے مختلف پروگرام اور مصنوعات کا جائزہ لیا۔
ایگزیبشن ایک ہزار 97 مربع میٹر رقبے پر منعقد کی جا رہی ہے۔ 20 ممالک کے 254 نمائش کنندگان اور برانڈز شریک ہیں۔ دس روزہ انٹرنیشنل ایونٹ میں باز اور شکار کے ساتھ سفاری، مہم جوئی، تفریحی اور کاروباری سرگرمیاں شامل ہیں۔
ایونٹ میں مستقبل کے فالکنرز، شلایل میوزیم، سفاری، سمندری شکار، فور وہیل ڈرائیو، تیراندازی، شوٹنگ، ہائیکنگ اور مختلف پہاڑی سرگرمیوں سمیت متعدد پروگرام شامل ہیں۔
علاوہ ازیں خصوصی ورکشاپس اور علمی نشستوں کے ذریعے فالکنری، ثقافتی ورثے، سفر، مہم جوئی، گاڑیوں کی تیاری اور ہنگامی امداد سے متعلق تجربات سے بھی آنے والوں کو آگاہ کیا جائے گا۔

ایونٹ میں مقابلوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا جس میں ’الملواح ریس‘ نمایاں ہے۔ یہ ریس چار سے 9 اکتوبر کو ہو گی۔ اس مقابلے کے 12 راؤنڈز ہوں گے جن میں چھ راؤنڈ مالکان اور شوقیہ فالکنرز جبکہ چھ پروفیشنل فالکنروں کے لیے مخصوص ہیں۔ مجموعی طور پر سات لاکھ 23 ہزار ریال کے انعامات رکھے گئے ہیں۔
سعودی ثقافتی ورثے کے تعارف کے لیے الطریف تاریخی ڈسٹرکٹ کو بھی رواں برس نمائش میں شامل کیا گیا ہے جو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل سعودی مقامات میں سے ایک ہے۔

رواں برس کا ایڈیشن گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بین الاقوامی سطح پر اس کی بڑھتی ہوئی پذیرائی کا بھی عکاس ہے۔ سال 2025 میں ہونے والے ایونٹ میں سات لاکھ سے زیادہ افراد نے شرکت کی جبکہ 47 ممالک کے 1400 سے زائد نمائش کنندگان اور برانڈز شریک ہوئے۔ 9 کروڑ دس لاکھ ریال سے زیادہ کی خریداری کی گئی۔

 

شیئر: