Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی کے ولی عہد نے فلائی دبئی کے پائلٹ کی عیادت کی، بہادری کی تعریف

پائلٹ نے بہادری اور احساس ذمہ داری کی اعلی ترین سطح کا مظاہرہ کیا ( فوٹو: وام)
دبئی کے ولی عہد، نائب وزیر اعظم  اور دبئی کی ایگزیکٹیو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن راشد آل مکتوم نے سنیچر کو فلائی دبئی کے پائلٹ سمت مچھر کی عیادت کی۔
سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق اس موقع پر دبئی کے ولی عہد نے کہا ’فلائی دبئی کے پائلٹ نے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بہادری اور احساس ذمہ داری کی اعلی ترین سطح کا مظاہرہ کیا۔‘
انہوں نے اپنی اور امارات کی قیادت کی جانب سے  پائلٹ کی تعریف کی اور ستائش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا ’ہمیں فخر ہے سمت مچھر ہماری ٹیم کا، ہماری قوم کی کہانی کا اور اس چیز کا حصہ ہیں جس کی متحدہ عرب امارات نمائندگی کرتا ہے۔‘
انہوں متحدہ عرب امارات کو ایک ہمدرد، پُرامن اور زندگی سے بھر پور قوم قرار دیا۔
اس سہ قبل انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں سمت مچھر کو سراہتے ہوئے انہیں ’ہیرو‘ قرار دیا تھا۔
نریندر مودی نے کہا ’شدید ترین خطرے کا سامنا کرنے اور خود شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے دوسروں کی جانیں بچانے کے لیے بے مثال بہادری اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔ ان کی بہادری نے سیکڑوں جانیں بچانے اور ایک بڑے سانحے کو ٹالنے میں اہم کردار ادا کیا۔‘

انڈین سفارت خانے کے حکام کا کہنا ہے  وہ ’بہادر پائلٹ‘ کی صحت کے حوالے سے طبی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ان کی حالت مستحکم ہے۔
یہ واقعہ بدھ کو اس جہاز کے ساتھ پیش آیا جو دبئی سے تل ابیب جا رہا تھا اور کاک پٹ میں پائلٹ پر حملے کے بعد اس کا رخ موڑ کر سعودی عرب کے شہر تبوک کے پرنس سلطان بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔

 

شیئر: