سعودی عرب مسلسل چوتھے سال کھجوروں کی عالمی برآمدات میں سرفہرست
کھجوروں کی مالیت 1.938 ارب ریال (517.7) ملین ڈالر تک پہنچ گئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے 2025 میں کھجوروں کی برآمدات میں مسلسل چوتھے برس پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ کھجوروں کی مالیت 1.938 ارب ریال (517.7) ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔
انٹرنیشنل ورڈ ٹریڈ سینٹر کے اعداد وشمار کے مطابق سعودی عرب کھجوروں کی مالیت کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ایکسپورٹر ہے۔
سعودی کھجوریں دنیا کے 125 سے زائد ملکوں تک پہنچ چکی ہیں۔ سعودی مصنوعات کی بین الاقوامی مارکیٹوں میں موجودگی مزید وسیع ہوئی ہے۔ اعلٰی معیار، منتوع اقسام اور پراسیس مصنوعات کی وسیع رینج کے باعث سعودی کھجوروں کی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے
یہ مالیت 2024 کے مقابلے میں 14.3 فیصد زیادہ اور 2021 کے بعد سے 59.5 فیصد نمایاں اضافہ ہےجو سعودی وژن 2030 کے تحت زرعی جی ڈی پی میں اس شعبے کے بڑھتے ہوئے کردار کو ظاہر کرتا ہے۔
سعودی نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس کے سی ای او نے ایس پی اے کو بتایا یہ کامیابی سعودی قیادت کی مسلسل سپورٹ، حکومتی اداروں، نجی شعبے اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا ان کوششوں نے سپلائی چین کو بہتر بنانے برآمدات کی کارکردگی اور سعودی کھجوروں کو بین الاقوامی مارکیٹوں میں پہنچانے میں مدد دی ہے۔
سعودی کھجوریں اب 125 ملکوں میں برآمد کی جا رہی ہیں جو ان کے اعلی معیار اور اقسام کی دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی طلب کا ثبوت ہے۔
مملکت کے مختلف علاقوں میں37 ملین سے زیادہ کھجور کے درخت ہیں۔ سالانہ پیداوار 1.9 ملین ٹن سے تجاوز کر گئی ہے۔

نیشنل سینٹر فار پام اینڈ ڈیٹس اس شعبے میں ویلیو چین کو جدید بنانے اور انٹرنیشنل ریٹیل مارکیٹ میں سعودی کھجوروں کی موجودگی کو بڑھانے کے لیے مختلف پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔
۔مملکت میں حکومتی سطح پر مقامی کھجور کمپنیوں کی سپورٹ کی گئی اور انٹرنیشنل مارکیٹنگ کی رسائی کو وسیع کیا گیا ہے۔

واضح رہے سعودی عرب کھجور کی پیداوار میں عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر ہے جو دنیا کی پیداوار کا تقریبا 17 فیصد بنتی ہے جبکہ اس کی کھجور میں خود کفالت کی شرح 125 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔