’سونے کی پلیٹیں اور چاندی کی سیڑھی‘: نواب آف بہاولپور کے گھر چوری کرنے والے مبینہ 6 ملزمان گرفتار
پولیس نے کہا ہے کہ ملزمان کے سہولت کاروں کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا (فائل فوٹو: عرب نیوز)
اسلام آباد کی پولیس نے نواب آف بہاولپور کے گھر چوری کی واردات کرنے والے مبینہ چھ ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پیر کو اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ سیکٹر ایف ایٹ تھری میں واقع نواب آف بہاولپور کی رہائش گاہ سے چوری کرنے والے ملزمان سے 70 سے 80 فیصد چوری شدہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ترجمان اسلام کی پولیس کے مطابق ملزمان کو ہیومن ریسورسز اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ ملزمان کے سہولت کاروں کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
ملزمان نے نواب آف بہاولپور کے گھر سے دو کروڑ روپے مالیت کے قیمتی نوادرات چوری کیے تھے۔
’چور چاندی کی سیڑھی، 10 قدیم بندوقیں اور سونے کی پلیٹیں لے اڑے تھے‘
ایف آئی آر کے مطابق چوری کا واقعہ یکم اکتوبر کی سہ پہر تین بجے کے قریب پیش آیا۔
اف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواب صلاح الدین عباسی کے بیٹے پرنس بہاول عباس عباسی نے کہا کہ یکم اکتوبر کو سہ پہر تین بجے کے قریب انہیں اپنے گھر کا سٹور روم کھلا اور ٹوٹ پھوٹ کی حالت میں ملا۔
ایف آئی آر میں مؤقف اپنایا گیا کہ ان کے گھر سے تاریخی اور بیش قیمت اشیاء غائب تھیں۔ ان اشیاء میں چاندی کی کرسی، چاندی کی سیڑھی، چاندی کے پیالے اور مجسمیں شامل تھے۔
پرنس بہاول عباس عباسی کے مطابق ان کے گھر کے سٹور روم سے بہاولپور ریاست کے نشان والی سونے کی پلیٹیں اور قیمتی سلور فریم بھی چوری ہوئے۔ انہوں نے پولیس سے استدعا کی کہ ’بہاولپور ریاست کی 10 قدیم بندوقیں، اور تلواریں بھی گھر سے چوری ہوئی۔‘
پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف دفعہ 380، 381 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔