Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حائل میں سالانہ کھجور میلہ ختم ، 20 ہزار سے زائد افراد کی شرکت

میلے کے انتظامات الروضہ شہر کے ’قصرالریان‘ میں کیے گئے تھے(فوٹو، ایس پی اے)
حائل ریجن میں کھجور میلے کے چوتھے ایڈیشن کی سرگرمیاں 5 روز جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہو گئیں۔ میلے کے انتظامات الروضہ شہر کے ’قصرالریان‘ میں کیے گئے تھے۔
ایس پی اے کے مطابق سالانہ کھجور میلے کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانچ روزہ اس میلے میں وزٹرز کی تعداد 20 ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی۔
منتظمین نے میلے میں آنے والوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے تھے جس کا مقصد میلے میں آمد و رفت کو منظم رکھنا اور خریداری کے امور کو آسان بنانا تھا۔
سالانہ کھجور میلے میں علاقے کے کاشتکاروں کے علاوہ گھریلو صنعتوں سے وابستہ افراد و خاندانوں کے لیے خصوصی کارنرز قائم کیے گئے تھے جہاں کھجوروں سے تیار کردہ مختلف مصنوعات بھی پیش کی گئیں۔

 کھجوروں کی اقسام کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئیں(فوٹو، ایس پی اے)

میلے میں مختلف نوعیت کے پروگرامز کا بھی اہتمام کیا گیا، علاوہ ازیں کھجوروں کی اقسام کے بارے میں معلومات کی فراہمی اور نخلستانوں کی دیکھ بھال کے طریقوں کے بارے میں بھی وزٹرز کو مطلع کیا گیا۔
کھجورمیلے کا انعقاد زرعی شعبے کی معاونت، مقامی مصنوعات کے لیے مارکیٹنگ کے مواقع کو وسعت دینے اور کاشتکاروں و پیداواری خاندانوں کو صارفین تک براہ راست رسائی فراہم کرنے کے ضمن میں کیا گیا۔
اس اقدام کا مقصد زرعی مصنوعات کی اقتصادی قدر میں اضافہ اور مقامی منڈیوں میں ان کی موجودگی کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

شیئر: