خمیس مشیط کی جانب داغے گئے بیلسٹک میزائل کو تباہ کر دیا: اتحادی ترجمان
پیر کو نجران اور جازان کے ایئرپورٹس کو نشانہ بنایا گیا تھا ( فائل فوٹو)
سعودی عرب نے حوثی ملیشیا کی جانب سے خمیس مشیط پر حملے کی نئی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد کے سرکاری ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ ’خمیس مشیط کی جانب داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو راستے میں روک کر تباہ کر دیا گیا۔‘
اس سے قبل سعودی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا تھا کہ پیر کو نجران اور جازان کے ایئرپورٹس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔
عرب نیوز کے مطابق منگل کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ حملوں میں کچھ املاک کو بھی نقصان پہنچا جبکہ جو افراد زخمی ہوئے ان کے زخموں کی نوعیت معمولی ہے۔
