انفلوئنزا وائرس بچاؤ: صحتی ایپ کے ذریعے ’سیزنل فلو ویکسین‘ لگوائیں
ویکسین سے بڑی حد تک مرض کی سنگینی سے محفوظ رہا جاسکتا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ صحت نے احتیاطی صحت کو فروغ دینے اور ہیلتھ کیئر کی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر مملکت بھر میں ’سیزنل فلو ویکسین‘ کی فراہمی شروع کی ہے۔ ’صحتی‘ ایپ کے ذریعے اپائنٹمنٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق فلو ویکسین لگوانے سے بڑی حد تک اس مرض کی سنگینی سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔
وزارت نے متنبہ کیا انفلوئنزا وائرس کے پھیلاو اور اس کے خطرناک اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے سالانہ بنیادوں پر ویکسینیشن ضروری ہے۔
یہ وائرس معمر افراد اور کم عمر بچوں کو زیادہ متاثر کرتا ہے، ویکسینشن سے اس وائرس کے خطرناک اثرات سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
واضح رہے مملکت کے تمام شہروں میں صحت مراکز کا نیٹ ورک موجود ہے جہاں مفت ویکسینیشن کی سہولت ہر شخص کو فراہم کی جاتی ہے۔
ویکسین لگوانے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ صحتی ایپ کے ذریعے اپائنٹمنٹ حاصل کریں اور مقررہ وقت پر جا کر ویکسین لگوا ئیں۔
بچوں، حاملہ خواتین اور معمرافراد کے لیے سنار ایپ کے ذریعے گھر پر ویکسینیشن کی خدمات بھی دستیاب ہیں۔

وزارت کا کہنا ہے انفلوئنزا سے متاثر ہونے والے گروپوں میں دائمی امراض میں مبتلا افراد، پچاس سے سے زائد عمر کے افراد، چھ ماہ سے پانچ سال کی عمر کے بچے، حاملہ خواتین، مثاپے کے شکار افراد اور ہیلتھ کیئر ورکرز شامل ہیں۔ وزارت نے ان تمام گروپوں کے افراد کے لیے ویکسینیشن کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
