مختلف ممالک کی ریاض ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کی مذمت
حملے بنیادی انسانی اصولوں وعالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
خیلج تعاون کونسل، کویت اور رابطہ عالم اسلامی نے حوثی دہشتگردوں کی جانب سے ریاض ایئرپورٹ کو نشانہ بنائے جانے پر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری تنصیبات اور ہوائی اڈوں و شہریوں کو دانستہ نشانہ بنانا عالمی سطح پر سنجیدہ اقدام اور فیصلہ کن کارروائی کا متقاضی ہے، تاکہ ایسے حملوں کو مستقل بنیادوں پر روکا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملے بنیادی انسانی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین و معاہدوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
دوسری جانب رابطہ عالم اسلامی نے بھی حوثی ملیشیا کی جانب سے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سعودیہ ایئرلائن کے طیارے کونشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
رابطے کے سیکرٹری جنرل اور مسلم علماء کونسل کے چیئرمین شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا مذہبی اقدار، بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
دریں اثنا سبق نیوز کے مطابق کویت کی جانب سے بھی کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے سے پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی و انسانی قوانین کی صریخ خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
کویتی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ جارحانہ حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے براہ راست خطرہ ہیں اور شہریوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔ کویت نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ایسے حملوں کے خلاف واضح اور مضبوط موقف اختیار کیا جائے۔
کویت کی جانب سے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی اس کی اپنی قومی سلامتی کا لازمی حصہ ہے، اور مملکت کی سرزمین، عوام اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والی ہر کارروائی کے مقابلے میں وہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔