Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض ایئرپورٹ پر حملے میں سعودیہ ایئر لائنز کا پائلٹ جان سے گیا

جی اے سی اے کے مطابق ایئرپورٹ پر تمام آپریشنل سرگرمیاں بحال کر دی گئی ہیں ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جمعے کو تصدیق کی ہے کہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو حملے کیے گئے ہیں جن کے نتیجے میں ایک پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔
عرب نیوز کے مطابق پہلے حملے میں ایئرپورٹ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ دوسرے حملے میں سعودیہ ایئر لائنز کے ایک طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔
سعودیہ ایئر لائنز نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ جمعرات کو ریاض ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں ان کے پائلٹ کیپٹن حمود علی الکلثمی ہلاک ہو گئے۔
سول ایوی ایشن کی جنرل اتھارٹی (جی اے سی اے) نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ’واقعات کے پیش آتے ہی ہنگامی امدادی ٹیموں اور متعلقہ حکام نے منظور شدہ طریق کار اور منصوبوں کے مطابق فوری کارروائی کی۔‘
اتھارٹی نے مزید بتایا کہ ان حملوں کے نتیجے میں تین سعودی شہری ہلاک ہوئے جبکہ متعدد شہریوں اور رہائشیوں کو معمولی اور شدید زخم آئے جنہیں فوری طور پر ضروری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جی اے سی اے کا کہنا تھا ’اتھارٹی، تمام متعلقہ سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون اور رابطے میں رہتے ہوئے، نقصان کا اندازہ لگانے اور مسافروں و عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے تاکہ مملکت کے سول ایوی ایشن کے نظام کو محفوظ رکھا جا سکے۔‘
’ایئرپورٹ پر تمام آپریشنل سرگرمیاں بحال کر دی گئی ہیں اور فضائی آمدورفت معمول پر آ گئی ہے۔‘

شیئر: