قصیم کے ’خبوب‘ جہاں کبھی کھیت، کنویں اور نخلستان ہی زندگی کا مرکز تھے
بریدہ شہر کے گرد مختلف مقامات پر خبوب پھیلے ہوئے تھے ( فوٹو: ایس پی اے)
ریتیلے ٹیلوں، پانی کے چشموں، آبی ذخائر اور زراعی زمینوں کے بیچ موجود علاقہ ’خبوب بریدہ‘ قصیم ریجن کی جغرافیائی یادداشت کا ایک اہم حصہ بن کرابھرا ہے جو انسان اور زمین کے باہمی تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ’خبوب بریدہ‘ کے نشیبی علاقوں نے زراعت اور آباد کاری کے مراکز کی شکل اختیار کر لی۔
وقت کے ساتھ اطراف میں بھی آبادیاں بڑھتی گئیں۔ شہری علاقوں کی وسعت یہاں (خبوب بریدہ) تک پہنچ گئی کہ شہری پھیلاؤ نے علاقے کا نقشہ ہی بدل دیا۔
’خبوب‘ لفظ ’خب‘ کی جمع ہے۔ یہ لفط زمین کی جغرافیائی ساخت سے عبارت ہے۔ مقامی طور پر اس سے مراد ریت کے ٹیلوں یا ریتیلی پٹیوں کے درمیان کا نشیبی علاقہ ہے۔ ان علاقوں کی قدرتی خصوصیت یہاں پانی کی دستیابی ہے جس سے یہاں زراعت اور انسانی آبادی کی راہیں ہموار ہوئیں۔
بریدہ شہر کے گرد مختلف مقامات پر خبوب پھیلے ہوئے تھے۔ خاص کر شہر کے مغربی، جنوبی اور شمال مغربی علاقوں میں، زمین کی ساخت اور پانی کے وسائل نے ان علاقوں کو زرعی مقاصد کے لیے استعمال کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
کسی بھی علاقے کی طرح یہاں بھی زندگی کا محور پانی ہی تھا۔ علاقے کے لوگ پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کنویں کھودتے۔ یہ پانی انسانی استعمال کے علاوہ کھیتوں کی آبپاشی کے لیے اہم ہوتا تھا۔

خبوب نے بریدہ اور اس کے گرد و نواح کی معاشی سرگرمیوں میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ مختلف تاریخی ادوار میں شہر کی معاشی زندگی میں زراعت کی اہمیت بھی اجاگر ہوتی ہے۔
وقت کے ساتھ ساتھ خبوب کی تعداد اور ان کی شناخت میں بھی اضافہ ہونے لگا جو محض جغرافیائی شناخت ہی نہیں تھے بلکہ ان کا تعلق وہاں آباد لوگوں، کھیتوں، کنوؤں، مساجد اور راستوں سے بھی تھا۔ اس حوالے سے متعدد خبوب کے نام آج بھی مقامی یادداشتوں میں محفوظ ہیں جو اپنے اندر جغرافیائی اور سماجی تاریخ کے کئی پہلو سموئے ہوئے ہیں۔
قصیم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر سلیمان العطنی نے بتایا کہ خبوب بریدہ شہر کی تاریخی، سماجی اور اقتصادی یادداشت کا اہم حصہ ہیں جنہوں نے بریدہ کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خبوب کی قدرتی ساخت نے بارش اور سیلابی پانی کو جمع کرنے اور مٹی میں نمی برقرار رکھنے میں مدد دی جس سے یہاں زراعت اور آباد کاری کے لیے سازگار حالات پیدا ہوئے۔ ان آبادیوں کی ترقی کنویں کھودنے، زمین کو قابلِ کاشت بنانے، نخلستان لگانے اور مختلف فصلیں اگانے سے شروع ہوئی جس کے بعد مکانات تعمیر کیے گئے۔
وقت گزرنے کے ساتھ یہاں اپنی مخصوص سماجی خصوصیات رکھنے والی آبادیاں وجود میں آئیں اور ہر خب کی اپنی شناخت، حدود اور یادداشت بن گئی جو وہاں رہنے والوں سے وابستہ تھی۔
ڈاکٹر العطنی کے مطابق کھجور کے درخت خبوب کی زرعی زندگی کے نمایاں عناصر میں شامل تھے۔ نخلستانوں کی سرگرمیوں نے مقامی آبادی میں نسل درنسل منتقل ہونے والی زرعی مہارتوں کو فروغ دیا۔ زمین اور پانی کے ذرائع سے وابستہ طرزِ زندگی کو مستحکم کیا۔

پروفیسر العطنی نے خبوب کی تاریخ، ناموں، حدود، کھیتوں ، کنوؤں، مساجد اور راستوں کو دستاویزی شکل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
ان کے مطابق زبانی روایات، تصاویر، تاریخی دستاویزات اور قدیم نقشوں کو محفوظ کرنا ضروری ہے کیونکہ یہ بریدہ کے ثقافتی اور تاریخی ورثے کا حصہ ہیں اور شہر کی سماجی، اقتصادی اور شہری تاریخ کو سمجھنے کے لے اہم مواد فراہم کرتے ہیں۔
عہدِ رفتہ کے ان خبوب میں جہاں کبھی کھیت، کنویں اورنخلستان ہی زندگی کا مرکز ہوا کرتے تھے آج ان مقامات کے اطراف میں شہری آبادیاں پھیل چکی ہیں تاہم ان کے نام آج بھی بریدہ کی کہانی کے اہم باب کی عکاسی کرتے ہوئے ایسی کہانی سناتے ہیں جس میں انسان، زمین اور پانی کے باہمی تعلق کے ساتھ قصیم میں زرعی، سماجی اور شہری تبدیلیوں کی کئی نسلوں پر محیط تاریخ محفوظ ہے۔
