گورنر ریاض نے کنگ خالد ایئرپورٹ پر حملے کے زخمیوں کی عیادت کی
گورنر نے سعودی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ( فوٹو: ایس پی اے)
گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز نے پیر کو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملے میں زخمی ہونے والے شہریوں کی عیادت کی جو دارالحکومت کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق گورنر ریاض نے سعودی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور ان کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔
گورنر ریاض کو زخمیوں کی صحت اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی خدمات کے بارے میں بتایا گیا۔
انہوں نے متعلقہ صحت حکام کو ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کی صحت کی صورتحال پر نظر رکھیں، مکمل صحت یابی تک تمام ضروری طبی خدمات اور سپورٹ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
علاوہ ازیں گورنر ریاض نے ایک بیان میں مملکت کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے سعودی قیادت کی کوششوں کو سراہا ہے۔

انہوں نے سعودی شہریوں کے اتحاد، یکجہتی اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلح افواج کی تیاریوں کی بھی تعریف کی۔
یاد رہے کہ سنیچر کو دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر میزائل حملے میں 13 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے جو سعودی عرب میں ایک دہائی سے زائد عرصے کے دوران سب سے زیادہ ہلاکت خیز حملہ تھا۔

جبکہ اتوار کو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل فور پر ایک نامعلوم پروجیکٹائل کے گرنے سے آگ لگ گئی تھی، جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری ہلاک جبکہ 11 افراد زخمی ہو ئے۔
