سعودی عرب کے مزید چار شہر صحت مند شہروں کی درجہ بندی میں شامل
چاروں شہروں نے 9 شعبوں میں 80 بین الاقوامی معیار پورے کیے ( فوٹو: ایس پی اے)
عالمی ادارۂ صحت نے عسیر ریجن کے چار شہروں کو صحت مند شہروں کا درجہ دیا ہے جن میں ابھا، محائل عسیر، طریب اور کنگ خالد یونیورسٹی سٹی شامل ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق چاروں شہروں نے 9 شعبوں میں 80 بین الاقوامی معیار پورے کیے۔ ان میں پارکس، واکنگ ایریاز اور پرائمری کیئر سینٹرز اور سکولوں کے ذریعے صحت کو فروغ دینا شامل ہے۔
ان چار شہروں کے اضافے کے بعد مملکت میں عالمی ادارۂ صحت سے منظور شدہ صحت مند شہروں کی مجموعی تعداد 21 ہو گئی ہے۔
گورنر عسیر شہزادہ ترکی بن طلال بن عبدالعزیز نے وزیر صحت فہد الجلاجل سے عالمی ادارۂ صحت کا ایکریڈیشن سرٹیفکیٹ وصول کیے۔
صحت مند شہروں کا ماڈل طبی خدمات کے ساتھ ماحول، معیار زندگی، سماجی شمولیت، تعلیم، سلامتی، شراکت داری اور اقتصادی ترقی کو بھی صحت سے مربوط کرتا ہے۔

گزشتہ بانچ برسوں میں متوقع عمر 77.3 سے بڑھ کر 80.1 سال ہو گئی جبکہ بیشتر انڈیکس میں چاروں شہروں نے قومی سطح حاصل کی یا اس سے تجاوز کیا۔
ابھا شہر میں مناسب جسمانی سرگرمی کرنے والے بالغ افراد 62 فیصد اور ہنگامی طبی خدمات کا رسپانس ٹائم 27 سے کم ہو کر سات منٹ ہو گیا جبکہ سیاحتی ترقی کا انڈیکس بھی 31 سے بڑھ کر 79 فیصد تک پہنچ گیا۔
محائل عسیر میں معیار زندگی سے اطمینان کا تناسب 88 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ صنعتی شہر کی منتقلی کے بعد فضائی انڈیکس 72 سے کم ہو کر 42 رہ گیا۔

طریب شہر میں پروگرام کے معیار پر پورا اترنے والی شراکت داریاں سات سے بڑھ کر 93 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ رات کے وقت تحفظ کا احساس 69 سے بڑھ 94 فیصد تک پہنچ گیا۔
کنگ خالد یونیورسٹی سٹی میں بنیادی صحت کی سہولتوں اور بچوں کی ویکسینیشن کی کوریج 100 فیصد، مناسب جسمانی سرگرمی کرنے والے بالغ افراد 68 فیصد اور ہنگامی طبی امداد کے لیے ٹائم چار تک پہنچ گیا۔
