ایپل نے نیا آئی پیڈ مِنی متعارف کرا دیا، قیمت اور خصوصیات کیا ہیں؟
ایپل ویب سائٹ کے مطابق نئے ڈیزائن میں آئی پیڈ منی کے روایتی کمپیکٹ سائز کو برقرار رکھا گیا ہے (فوٹو: ایپل)
ایپل نے ایک بالکل نیا آئی پیڈ منی متعارف کرایا ہے جس میں بڑا 8.5 انچ او ایل ای ڈی ڈسپلے، اے 20 پرو چپ، پہلے سے زیادہ پتلا اور ہلکا ڈیزائن اور آئی پی 67 واٹر و ڈسٹ ریزسٹنس شامل ہے۔
ایپل ویب سائٹ کے مطابق نئے ڈیزائن میں آئی پیڈ منی کے روایتی کمپیکٹ سائز کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ اس کے بیزلز میں 24 فیصد کمی کی گئی ہے اور ڈسپلے کا سائز بڑھایا گیا ہے۔
ایپل کے مطابق نیا سپر ریٹینا ایک ڈی آر ڈسپلے 12 سو نٹس تک کی زیادہ سے زیادہ برائٹنس فراہم کر سکتا ہے اور پچھلی جنریشن کے مقابلے میں دو گنا سے زیادہ روشن ہے۔
نئے آئی پیڈ منی میں ایپل کی جدید 2 نینو میٹر پراسیس ٹیکنالوجی پر مبنی اے 20 پرو دی گئی ہے۔ ایپل کا دعویٰ ہے کہ یہ پچھلے آئی پیڈ منی کے مقابلے میں ملٹی تھریڈڈ سی پی یو کارکردگی میں 60 فیصد تک بہتری، گرافکس میں 2.7 گنا تیز رفتار اور مصنوعی ذہانت سے متعلق کارکردگی میں 4.5 گنا بہتری فراہم کرتی ہے۔
اس اپ ڈیٹ میں پانی اور گردوغبار سے تحفظ کے لیے آئی پی 67 ریٹنگ، لینڈ سکیپ کنارے پر 12 میگا پکسل سینٹر سٹیج فرنٹ کیمرا، نیا اکوسٹک ڈسپلے آڈیو سسٹم، وائی فائی 7، بلوٹوتھ 6، تھریڈ اور سیلولر ماڈلز میں ایپل کا C2 موڈیم بھی شامل کیا گیا ہے۔
ایپل نے نینو ٹیکسچر ڈسپلے کا آپشن بھی متعارف کرایا ہے اور کہا ہے کہ 512 جی بی ماڈل میں زیادہ پیچیدہ آن ڈیوائس اے آئی کاموں کے لیے ڈوئل 16 کور نیورل انجن شامل ہوگا۔
نئے آئی پیڈ منی کی ابتدائی قیمت امریکہ میں وائی فائی ماڈل کے لیے 699 ڈالر اور برطانیہ میں 699 پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے۔
آئی پیڈ منی مڈنائٹ اور اسٹار لائٹ رنگوں میں دستیاب ہوگا جبکہ اس کے ذخیرہ کرنے کی گنجائش 128 جی بی، 256 جی بی اور 512 جی بی کے آپشنز میں ہوگی۔
