Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران جنگ پر وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان اختلافات کی خبروں بے بنیاد ہیں: اسرائیلی وزیرِ دفاع

یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ اسرائیلی فوج اور سویلین قیادت کے درمیان ایران جنگ کے حوالے سے اختلافات پیدا ہو گئے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے پیر کے روز ایسی تمام خبروں کو ’بالکل بے بنیاد‘ قرار دیا ہے جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ میں نئی کارروائی کے معاملے پر اسرائیلی فوج اور سویلین قیادت کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔
اسرائیل کے چینل 12 نے گزشتہ روز ذرائع کے حوالے سے یہ خبر دی تھی کہ وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو اور فوج کے سربراہ ایال زامیر کے درمیان ایک نئی ہدایت پر اختلاف پیدا ہوا ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ ہدایت کیا تھی۔
وزیرِاعظم نے ٹیلی ویژن پر گفتگو کرتے ہوئے اِس خبر کو ’بکواس‘ قرار دیا، جبکہ وزیراعظم اسرائیل کاٹز نے اسے انتخابات سے قبل نیتن یاہو کے سیاسی اتحاد کے فیصلوں پر شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا۔
اسرائیل کاٹز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ’ایران کے معاملے پر سیاسی قیادت اور اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کے درمیان اختلافات سے متعلق خبریں بالکل بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔‘ انہوں نے اصرار کیا کہ دونوں کے درمیان ’مکمل‘ ہم آہنگی موجود ہے۔
چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق، ایال زامیر نے انہیں موصول ہونے والی ہدایت پر عمل درآمد سے قبل اِس معاملے پر تفصیلی بحث، قانونی ضمانتوں اور سیاسی قیادت کے دستخط کا مطالبہ کیا تھا۔
چینل نے اِس ہدایت کی تفصیلات نہیں بتائیں، تاہم ذرائع کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا کہ فوج کے اندر یہ خدشات پائے جاتے ہیں کہ جنگ کو سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اسرائیل کاٹز نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے انتخابات سے قبل ایران پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
اپوزیشن رہنما یائیر لاپڈ نے اتوار کے روز ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں اس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے نیتن یاہو پر الزام عائد کیا کہ وہ انتخابات ملتوی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے سیاسی قیادت اور اسرائیلی فوج  کے درمیان اختلافات سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا (فائل فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے کہا کہ ’آج رات یہ خبر سامنے آئی ہے کہ وہ صرف انتخابات ملتوی کرنے کے لیے ایران کے ساتھ کشیدگی بڑھانا اور تصادم شروع کرنا چاہتے ہیں۔‘
یائیر لاپڈ نے مزید کہا کہ ’یہ شخص اپنے اوسان کھو چکا ہے۔ ہمیں ہر صورت اسے اقتدار سے گھر بھیجنا ہوگا۔’
نیتن یاہو نے اپنی انتخابی مہم میں اپنی سکیورٹی سے متعلق صلاحیتوں اور کارکردگی کو نمایاں طور پر اجاگر کیا ہے۔ اُن کا مؤقف ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جاری جنگ میں صرف وہی اپنے مقاصد مکمل کر سکتے ہیں۔

شیئر: