الباحہ میں انار کی فصل کی کٹائی اور فیسٹیول کی تیاری ساتھ ساتھ
جمعرات 8 اکتوبر 2026 7:13
الباحہ ریجن میں انار کے 7 لاکھ 50 ہزار سے زائد درخت موجود ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ ریجن میں انار کی فصل کی کٹائی کا سلسلہ شروع ہونے کے ساتھ انار فیسٹیول کے 15 ویں ایڈیشن کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس ایونٹ میں اہم ترین زرعی فصل سے وابستہ کاشتکار اور کاروباری افراد یکجا ہوں گے جس کا مقصد مقامی پیداوار کی مارکیٹنگ کے ساتھ اس کے معیار اور تنوع کو اجاگر کرنا ہے۔
کاشتکاروں کی توجہ اس وقت فصل کے معیار کو برقرار رکھنے اور اس سیزن سے فائدہ اٹھانے پر ہے تاکہ وہ اپنے فارمز سے زیادہ سے زیادہ معاشی فوائد حاصل کر سکیں۔
الباحہ ریجن میں انار کے سات لاکھ 50 ہزار سے زیادہ درخت موجود ہیں جن سے سالانہ 10 ہزار ٹن کے قریب پیداوار حاصل ہوتی ہے۔
محکمۂ ماحولیات، پانی و وزراعت کا کہنا ہے کہ انار کی کاشت کو فروغ دینے اور کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف پروگرام جاری ہیں جس میں کاشتکاروں کو فارمز کی دیکھ بھال اور بہتر فصل حاصل کرنے کے جدید طریقوں سے روشناس بھی کرایا جاتا ہے۔

انار کی کاشت کے لیے قائم خصوصی انجمن کی جانب سے سات ہزار مربع میٹر رقبے پر تربیتی نرسری بھی قائم ہے جہاں انار کے پودے تیار کر کے کاشتکاروں کو فراہم کیے جاتے ہیں جس سے فصل کی پائیداری اور پیداوار میں اضافے میں مدد ملتی ہے۔
الباحہ انار فیسٹیول مقامی پیداوار کو وسیع طور پر صارفین تک پہنچانے، کاشتکاروں کے باہمی تجربات کے تبادلے اور علاقے کے معروف زرعی محصول کو عام کرنے کا اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔

انار کی فصل خطے کی زرعی شناخت اور موسمی پیداوار کا نمایاں حصہ بھی سمجھی جاتی ہے۔ الباحہ میں انار کا سیزن خطے کے زرعی تنوع کی عکاسی کرتا ہے ۔ کھیتوں سے مارکیٹ تک پہنچنے والا یہ پھل کسانوں کی سال بھر کی محنت کا نتیجہ ہوتا ہے۔
