Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں چھٹی کانفرنس و نمائش: حج 2027 کی تیاریوں کو آگے بڑھایا جائے گا

چھٹی حج کانفرنس و نمائش 8 سے11 نومبر تک منعقد ہوگی۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے زیر اہتمام جدہ میں چھٹی حج کانفرنس و نمائش 8 سے11 نومبر تک منعقد ہوگی۔
ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی ہونے والی یہ تقریب سعودی وژن 2030 کے تحت پیلگرم ایکسپیئرینس پروگرام کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس میں مقامی و بین الاقوامی سطح پر سرکاری، نجی اور غیرمنافع بخش شعبوں سے تعلق رکھنے والے 520 سے زائد ادارے شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں عازمین کی خدمات میں بہتری اور آئندہ حج سیزن کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ اقدام حج خدمات کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور معیار کو بلند کرنے کی کاوشوں کا حصہ ہے۔
چھٹی حج کانفرنس و نمائش حج 2027 کی تیاری کے لیے اہم ہے جس میں معاہدوں، آپریشنل اور آرگنائزیشنل انتظامات، نئے حل، اقدامات، شراکت داروں اور سیزن کی تیاریوں پر بات کی جائے گی۔
دنیا بھر سے آنے والے شرکا تین اہم شعبوں انفرا سٹرکچر، آپریشنل خدمات، بااختیار بنانے و انضمام اور پائیدار ترقی کے سیشنز میں شرکت کریں گے۔
سالِ رواں کانفرنس میں 15 سے زائد خصوصی زونز اور پروگرام شامل ہوں گے ان میں حج کانفرنس، حج کونسل اور آگاہی و تربیتی فورم شامل ہے جو پہلی مرتبہ منعقد کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں ورکشاپس، قیادت و جدت زون، ہیکاتھون، بزنس سینٹر اور ٹیکنالوجی، صحت ، میڈیا اور ایوی ایشن کے لیے خصوصی زونز شامل ہیں۔
حج مشنز اور ٹورآپریٹرز کے سربراہان کے لیے بھی خصوصی اہتمام کیا جائے گا جس میں مکالمے، مسائل اور ان کا حل، کاروباری ترقی اور شراکت داری کے حوالے سے معلومات افزا ورکشاپ شامل ہے۔
حج کانفرنس و نمائش میں حج امور کے حکام اور سروسز فراہم کرنے والوں کے علاوہ نقل و حمل، ہاسپیٹلیٹی، صحت، بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی، افرادی قوت ، سرمایہ کاری و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور ادارے بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے گزشتہ برس ہونے والی کانفرنس و نمائش میں شرکت کرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ سے زائد تھی جبکہ 150 سے زیادہ ممالک سے تعلق رکھنے 270 نمائش کنندگان شریک ہوئے۔ کانفرنس کے دوران 134 اجلاس اور ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا۔
وزارت کی جانب سے چھٹی سالانہ حج کانفرنس و نمائش میں شرکت کرنے کے خواہمشندوں کو رجسٹریشن کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔

 

شیئر: