Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سہ ملکی سیریز: سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی

پاکستان ٹرائی سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ انگلینڈ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے پاکستان کو 25.3 اوورز میں 110 رنز پر آؤٹ کردیا۔ جواب میں سری لنکا نے 111 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 33 گیندوں پر 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
حسن نواز نے 31 گیندوں پر 17، شاہین شاہ آفریدی نے 13 گیندوں پر 15 اور عرفات منہاس نے 10 رنز بنائے۔
فخر زمان پانچ، معاذ صداقت آٹھ، سعد بیگ پانچ، سلمان علی آغا نو اور شاداب خان دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستانی بلے باز سری لنکن بولرز کے سامنے بڑی شراکتیں قائم کرنے میں ناکام رہے۔
سری لنکا کے دلشان مدوشنکا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 8.3 اوورز میں 34 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ساہان آراچیگے نے دو، جبکہ اسیتھا فرنینڈو، ایشان مالنگا اور دنتھ ویلالگے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
111 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے اچھا آغاز کیا۔
امندو مینڈس اور اویشکا فرنینڈو نے پہلی وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت قائم کی۔ اویشکا فرنینڈو 17 گیندوں پر 16 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
عرفات منہاس نے سری لنکن کپتان کوسل مینڈس کو آٹھ رنز پر بولڈ کرکے پاکستان کو دوسری وکٹ دلائی، تاہم اس کے بعد سری لنکا نے مزید کوئی وکٹ نہیں گنوائی۔
کامندو مینڈس نے 60 گیندوں پر ناقابلِ شکست 62 رنز بنائے، جن میں آٹھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
پوان رتھنائیکے نے 23 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو ہدف تک پہنچانے میں ان کا ساتھ دیا۔
اس کامیابی کے بعد سری لنکا نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جہاں اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔
پاکستان پہلے ہی اپنے ابتدائی تینوں میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنا چکا تھا۔
سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: