فالکنر اینڈ ہنٹنگ ایگزیبشن: مزید دو فالکن تین لاکھ 50 ہزار ریال میں نیلام
فالکنر اینڈ ہنٹنگ ایگزیبشن 10 اکتوبر تک ریاض میں جاری رہے گی ( فوٹو: ایس پی اے)
ریاض میں انٹرنیشنل فالکنر اینڈ ہنٹنگ ایگزیبشن 2026 کے ایک حصے کے طور پر پیر کو ’حر فرخ‘ کیٹیگری کے دو فالکن مجموعی طور پر ساڑھے تین لاکھ ریال میں نیلام کیے گئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پہلے فالکن کی بولی 50 ہزار ریال سے شروع ہوئی اور اسے ڈھائی لاکھ ریال میں فروخت کیا گیا جبکہ دوسرا فالکن ایک لاکھ ریال میں نیلام کیا گیا۔
یاد رہے ایگزیبشن میں مسلسل دوسرے سال منگولین فالکنز کے لیے ایک حصہ مختص کیا گیا ہے جو مملکت اور خطے میں فالکنری سے وابستہ افراد میں اس کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔
اس حصے میں منگولیا سے لائے گئے فالکنز موجود ہیں۔ خصوصا ’حر فرخ‘ اپنی جسامت، سٹیمنا، پروں کے طویل پھیلاؤ، اور پروں کے متنوع رنگوں کے باعث انتہائی قیمتی سمجھے جاتے ہیں۔
انٹرنیشنل فالکنر اینڈ ہنٹنگ ایگزیبشن 10 اکتوبر تک ریاض کے شمال میں واقع ملہم کے انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبشن سینٹر میں جاری رہے گی۔
ایگزیبشن ایک ہزار 97 مربع میٹر رقبے پر منعقد کی جا رہی ہے۔ 20 ممالک کے 254 نمائش کنندگان اور برانڈز شریک ہیں۔ دس روزہ انٹرنیشنل ایونٹ میں باز اور شکار کے ساتھ سفاری، مہم جوئی، تفریحی اور کاروباری سرگرمیاں شامل ہیں۔

ایونٹ میں مستقبل کے فالکنرز، شلایل میوزیم، سفاری، سمندری شکار، فور وہیل ڈرائیو، تیراندازی، شوٹنگ، ہائیکنگ اور مختلف پہاڑی سرگرمیوں سمیت متعدد پروگرام شامل ہیں۔
سال 2025 میں ہونے والے ایونٹ میں سات لاکھ سے زیادہ افراد نے شرکت کی جبکہ 47 ممالک کے 1400 سے زائد نمائش کنندگان اور برانڈز شریک ہوئے۔ 9 کروڑ دس لاکھ ریال سے زیادہ کی خریداری کی گئی۔
