آبنائے ہرمز میں سعودی ٹینکر ’سدر‘ پر ایرانی حملے کی مذمت
اردن، بحرین اور کویت کے خلاف ایرانی حملوں کی بھی مذمت کی گئی ( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے سعودی ٹینگر ’سدر‘ پر ایرانی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق حملے کے نتیجے میں ٹینکر کے عملے کی ارکان ہلاک ہوئے ہیں۔
وزارت خارجہ نے بیان میں سعودی عرب کی جانب سے اردن، بحرین اور کویت کو نشانہ بنائے جانے والے ایرانی حملوں کی بھی مذمت کی۔
بیان میں برادر ملکوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور کسی بھی خطرے کے خلاف تینوں ملکوں کی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا گیا۔
وزارت نے بیان میں کشیدگی کے خاتمے، انٹرنیشنل نیویگیشن اور گلوبل انرجی سپلائی کی سکیورٹی، اچھی ہمسائیگی کے اصولوں، ریاستوں کی خود مختاری، اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی عرب نے تمام فریقین نے تحمل سے کام لینے، کشیدگی میں کمی، بین الاقوامی قانون کا احترام کرنے، مذاکرات اور پرامن حل کی جانب واپسی پر بھی زور دیا۔

اس سے قبل سعودی عرب کی قومی شپنگ کمپنی ’البحری‘ نے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے ایک سکیورٹی واقعے میں آئل ٹینکر ’سدر‘ کے دو فلپائنی سیلرز ہلاک ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ’البحری‘ ٹینکر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ متعلقہ حکام کے قریبی تعاون سے صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
