پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے بگ بیش لیگ کے آئندہ سیزن کے لیے ایڈیلیڈ سٹرائیکرز سے معاہدہ کر لیا ہے۔ اس طرح وہ بین سٹوکس اور مارک چیپمین کے ساتھ ٹیم کے اُن غیر ملکی کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں جو پورے ٹورنامنٹ کے دوران دستیاب ہوں گے۔
ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے کوچ ٹم پین نے کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ ’حارث رؤف ایک ایسے کھلاڑی ہیں جو میچ کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ اور دنیا بھر کی مختلف فرنچائز لیگز میں اعلیٰ ترین سطح پر اپنی صلاحیتیں ثابت کی ہیں۔‘
ٹم پین کا کہنا تھا کہ ’سٹرائیکرز کے شائقین ایڈیلیڈ اوول میں حارث رؤف کو پوری رفتار سے گیند کرتے دیکھ کر بہت محظوظ ہوں گے۔ وہ عالمی کرکٹ کے تیز ترین بولرز میں سے ایک ہیں اور کسی بھی لمحے میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔‘
مزید پڑھیں
انہوں نے مزید کہا کہ ’پورے ٹورنامنٹ کے لیے حارث رؤف کی ایڈیلیڈ آمد پر ٹیم بہت خوش ہے۔ وہ ایک شاندار کھلاڑی، سخت مقابلے کا جذبہ رکھنے والے کرکٹر اور ٹیم میں بھرپور توانائی لانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آف سیزن کے دوران ٹیم کی بنیادی ترجیحات میں سے ایک یہ تھی کہ اِس کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پورے ٹورنامنٹ کے لیے دستیاب ہوں۔ ہمیں یقین ہے کہ اِس سے ہماری ٹیم کو نمایاں برتری حاصل ہوگی۔‘
حارث رؤف اب تک بگ بیش لیگ کے پانچ سیزنز میں حصہ لے چکے ہیں اور 20-2019 سے اب تک تمام سیزنز میں میلبورن سٹارز کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ گزشتہ سیزن میں وہ لیگ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے۔ انہوں نے 11 اننگز میں 20 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤفنے میلبورن سٹارز کے ساتھ اپنی طویل وابستگی کے دوران مجموعی طور پر 33 میچ کھیلے اور 56 وکٹیں حاصل کیں۔
فاسٹ بولر نے ایڈیلیڈ سٹرائیکرز سے وابستگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کے ساتھ کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں۔ اُن کے مطابق ایڈیلیڈ اوول دنیا کے بہترین کرکٹ میدانوں میں سے ایک ہے اور اِنہیں وہاں کھیل کر ہمیشہ اچھا لگا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹرائیکرز کے پاس ایک مضبوط سکواڈ موجود ہے، جس میں بین سٹوکس، میٹ شارٹ اور مارک چیپمین جیسے عالمی معیار کے کھلاڑی شامل ہیں اور وہ اُن کے ساتھ کھیلنے کے موقع ملنے پر بہت پُرجوش ہیں۔
حارث رؤف کا مزید کہنا تھا کہ ’ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں اور وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق ہر ممکن کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں تاکہ ٹیم پلے آف کے آخری مراحل تک پہنچ سکے اور ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے بھرپور مقابلہ کرے۔‘
ایڈیلیڈ اوول، جو سٹرائیکرز کا ہوم گراؤنڈ بھی ہے، پر حارث رؤف اب تک صرف ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے نومبر 2024 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے اس میچ میں 29 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کی بدولت پاکستان نے نو وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
حارث رؤف نے اِسی میدان پر اپنا واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ سال 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا۔ انہوں نے اِس میچ میں 21 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی اور پاکستان نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔













