Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

پاکستان اور سعودی عرب نے اطلاعات، نشریات، میڈیا، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ 
منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اورپاکستان میں تعینات سعودی سفیر راجع بن طامی البقمی کی ملاقات ہوئی جس میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام، پاکستانی ڈراموں کے فروغ اور وفود کے تبادلوں سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے (اے پی پی) کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی عرب کے سفیر کو پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور ان کا خیرمقدم کیا۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا، ثقافت، ڈرامہ، موسیقی، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ 
سعودی سفیر راجع بن طامی البقمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور سیاسی و عسکری تعاون کو قابل فخر قرار دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تقریبات، فنون، ادب اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے مزید  کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی تعاون کے حوالے سے مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک قیادت میں سعودی عرب نے نہ صرف معاشی بلکہ ثقافتی میدان میں نمایاں تبدیلی اور ترقی کی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شہر العلا میں سیاحت کا فروغ اور الدرعیہ کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو جدید انداز میں اجاگر کرنا سعودی قیادت کے وژن کی نمایاں مثالیں ہیں۔ 
وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ عطاءاللہ تارڑ نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری فرمان علی خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان لازوال محبت اور بھائی چارے کی روشن مثال قائم کی۔ فرمان علی نےسنہ 2009 میں جدہ میں سیلاب کے دوران متعدد افراد کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی تھی۔ 
ملاقات میں پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، موسیقاروں، میڈیا نمائندگان اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں کے وفود کے تبادلوں کی تجویز بھی دی۔ 
وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی میڈیا نمائندوں، سیاحوں اور ڈیجیٹل انفلوئینسرز کو پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت دی۔ 
 

شیئر: