یورپ کے مختلف ایئرپورٹس پر بم کی دھمکیاں، چار پروازیں متاثر
یورپ کے مختلف ایئرپورٹس پر بم کی دھمکیاں، چار پروازیں متاثر
منگل 3 نومبر 2026 19:57
سکینڈے نیوین ایئرلائنز نے تصدیق کی کہ کوپن ہیگن سے وارسا جانے والی اِس کی پرواز ایس کے 751 کو دھمکی موصول ہوئی تھی (فوٹو: روئٹرز)
منگل کے روز یورپ کی چار پروازوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں، جس کے باعث پولینڈ کے دارلحکومت وارسا کے ایک ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔ تاہم حکام کے مطابق تمام طیارے بحفاظت اُتر گئے اور کسی بھی طیارے سے دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔
بم کی دو دھمکیاں وارسا جانے والی پروازوں کو موصول ہوئیں۔ اِن میں سے ایک ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن سے آنے والی سکینڈے نیوین ایئرلائنز (ایس اے ایس) اور دوسری لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے سے روانہ ہونے والی پولینڈ کی فضائی کمپنی ایل او ٹی کی پرواز تھی۔
تیسرے واقعے میں سپین کے ہوائی اڈوں کے منتظم ادارے آئینا نے تصدیق کی کہ برطانیہ کے شمال مغربی شہر مانچسٹر سے جنوب مشرقی سپین کے شہر مرسیا جانے والی ریان ایئر کی پرواز کو بم کی دھمکی ملنے پر ہنگامی حفاظتی طریقۂ کار نافذ کر دیا گیا۔
دوسری جانب اٹلی کے شہر برگامو سے بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ آنے والی وِز ایئر کی پرواز کا بھی معائنہ کیا گیا۔ بلغاریہ کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 10 منٹ پر صوفیہ میں اُترا تھا۔
یہ واقعات ایک ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب پیر کے روز بھی لندن کے لوٹن ہوائی اڈے سے صوفیہ جانے والی وِز ایئر کی ایک پرواز کو بم کی دھمکی کے بعد راستہ تبدیل کرکے ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں ہنگامی طور پر اُتارنا پڑا تھا۔ اِس موقع پر لڑاکا طیارے بھی فضا میں بھیجے گئے تھے۔
منگل کے روز ریان ایئر کا طیارہ مرسیا میں معمول کے مطابق اُتر گیا۔ سپین کی سول گارڈ کے اہلکاروں کی جانب سے حفاظتی جانچ پڑتال کے بعد ہنگامی منصوبہ ختم کر دیا گیا۔
سکینڈے نیوین ایئرلائنز نے تصدیق کی کہ کوپن ہیگن سے وارسا جانے والی اِس کی پرواز ایس کے 751 کو دھمکی موصول ہوئی تھی۔
ایئرلائن کے بیان میں کہا گیا کہ ’طیارہ وارسا میں معمول کے مطابق اُترا اور تمام مسافر اِس سے بحفاظت باہر نکل آئے۔‘
یہ پرواز وارسا کے چوپن ہوائی اڈے پر اُتری، جہاں طیارے کی حفاظتی جانچ پڑتال کے دوران رن وے میں سے ایک کو بند کر دیا گیا۔ تاہم معائنے کے دوران کوئی دھماکا خیز مواد نہیں ملا۔
ایل او ٹی کی پرواز کو بھی چوپن ہوائی اڈے پر اترنا تھا، لیکن اِسے وارسا کے دوسرے ہوائی اڈے وارسا موڈلن کی طرف موڑ دیا گیا۔ دھمکی موصول ہونے کے بعد حکام نے اِس ہوائی اڈے کو بھی بند کر دیا، تاہم بوئنگ 737 میکس طیارہ بھی بحفاظت اُتر گیا۔
موڈلن ہوائی اڈے کے ترجمان ایڈم شابلووسکی نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’مسافروں کو طیارے سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور جہاز کی حفاظتی جانچ پڑتال کی گئی۔ کوئی مشتبہ چیز نہیں ملی۔‘
اٹلی کے شہر برگامو سے بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ آنے والی وِز ایئر کی پرواز کا بھی معائنہ کیا گیا (فائل فوٹو: اے بی سی نیوز)
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’ہوائی اڈا دوبارہ کھول دیا گیا ہے اور معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔‘
ہنگری کے وزیرِ دفاع رومولوش روسن سِندی نے فیس بک پر بتایا کہ پیر کے روز نیٹو کے فضائی دفاعی الرٹ نظام نے لندن کے لوٹن ہوائی اڈے سے آنے والی وِز ایئر کی پرواز کے حوالے سے ہنگامی اطلاع جاری کی تھی۔
اُن کے مطابق، ہنگری کی مسلح افواج کے گریپن لڑاکا طیارے چند ہی منٹوں میں فضا میں پہنچ گئے اور مسافر طیارے کی بڈاپسٹ میں بحفاظت لینڈنگ کو یقینی بنایا۔
اِس سے قبل 18 اکتوبر کو بھی بم کی دھمکی کے باعث تل ابیب سے ویانا جانے والی آسٹرین ایئرلائنز کی ایک پرواز کا راستہ تبدیل کرکے بلغاریہ کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔ تاہم اس طیارے سے بھی کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا تھا۔